وحدت نیوز(جیکب آباد) قائد شہید علامہ سید عارف حسین الحسینی ؒ کی 30 ویں برسی اور حمایت مظلومین کانفرنس کے سلسلے میں دعوت کے سلسلے میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع جیکب آباد کے زیراہتمام مختلف یونٹس کا دورہ کیا گیا۔ایم ڈبلیوایم سندہ کے صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ مقصودعلی ڈومکی نے ، ضلعی سیکریٹری جنرل مولانا آغا سیف علی ڈومکی، برادر سید شبیر علی شاہ، تحصیل سیکریٹری جنرل سیداشرف علی شاہ و دیگر کے ہمراہ مختلف یونٹس میں مومنین سے ملاقات کی، عوامی اجتماعات سے خطاب کیا۔
اس موقعہ پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصودعلی ڈومکی نے کہا کہ شہید قائد علامہ سید عارف الحسینی ؒ فکر امام خمینیؓ کے ترجمان اور اسلام ناب کے علمبردار تھے آپ ؒ نے باطل کے مقابلے میں ہمیشہ کلمہ حق کو بلند کیا اور بہ یک وقت کئی محاذوں پر ڈٹ کر باطل طاغوتی قوتوں کا مقابلہ کیا۔ آپ ؒ نے پاکستان میں ضیائی آمریت کو للکارا اور ملت کو خواب غفلت سے بیدار کیا۔آپ ؒ نے عالمی سامراجی قوتوں خصوصا امریکہ اور غاصب اسرائیل کے انسان دشمن عزائم کو بے نقاب کیا اور دنیا بھر کی انقلابی اور الٰہی تحریکوں کی حمایت کی۔
انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین فکر حسینی کی محافظ ہے قائد شہید کے مشن کو آگے لے کر چلیں گے اور جو خواب قائد شہید نے دیکھا تھا اسے شرمندہ تعبیر کریں گے۔ دشمن کی یہ بھول تھی کہ عارف الحسینی ؒ کے قتل سے اس کا مشن ختم ہوجائے گا مگر قائد شہید کا مشن ایک زندہ حقیقت بن کر زندہ اور تابندہ رہے گا۔