وحدت نیوز (حیدرآباد) سانحہ شکار پور کو ایک ہفتہ گذر جانے اور قاتلوں کی عدم گرفتاری کے خلاف مجلس وحدت مسلمین سندھ کی اپیل پر جمعہ کے روز سندھ بھر میں یوم شہدائے شکارپور منایا گیا، اس سلسلے میں قدم گاہ مولاعلی ؑ پر ایم ڈبلیوایم ضلع حیدر آبادکی جانب سے بعد نماز جمعہ مجلس ترحیم منعقدکی گئی جب کہ بعداز مجلس احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس سے مولانا سید باقرعباس زیدی ، مولانا امدا دعلی نسیمی ، مولانا گل حسن مرتضوی، مولانا انور علی گلگتی اور مولانا ملازم حسین نے خطاب کیا،احتجاجی مظاہرے میں عوام کی بڑی تعداد شریک تھی، اس موقع پر رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ایک ہفتہ گذر جانے کے باوجود قاتلوں کی عدم گرفتاری سے حکمرانوں کی سنجیدگی کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے، افسوس ناک بات یہ ہے کہ حکمران ووٹ لیتے وقت تو عوام کے دروازوں کے چکر کاٹتے ہیں لیکن جب ان گھروں میں لاشیں پڑیں ہوں تو انہیں تعزیت کی بھی زحمت نہیں ہوتی، جن لوگوں کے اجداد نے پاکستان بنانے کے لئے اپنے تن من دھن کی قربانی دی وہ آج پاکستان بچانے کے لئے بھی قیمتی جانوں کی قربانیاں دے رہے ہیں ، جن لوگوں کے اجداد نے پاکستان بنانے کو گناہ قرار دیا، پاکستان کے بانی کو کافر اعظم کہا، آج وہ پاکستان کو تباہ و برباد کرنے کے در پہ ہیں، پاکستان کے غیور اور مظلوم عوام کو نا اہل سیاسی مکاروں سے سوائے جھوٹ فریب اور دھوکے بازی کے کسی بات کی توقع نہیں ، دہشت گردی کے ڈسے ہوئے عوام کو انصاف اور انتقام کی امید فقط پاک فوج سے ہے۔