وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ مختار احمد امامی نے کہا ہے کہ سقوط ڈھاکہ کے دن پشاور میں طالبان کی جانب سے اسکول پر حملہ پاکستان بنانے کی مخالفت کرنے والے کانگریسی ملاؤں کی سازش ہے، سانحہ پشاور طالبان سے مذاکرات کی حمایت کرنے والی سیاسی و مذہبی جماعتوں کے منہ پر طمانچہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وحدت میڈیا سیل سے جاری ایک بیان میں کیا۔ علامہ مختار امامی کا کہنا تھا کہ ملک میں ہر طرف دہشت گردوں کا راج ہے، دہشت گرد جن چاہیں جہاں چاہیں وطن عزیز کی گلیوں کو خون سے رنگین کردیتے ہیں، پاکستان کو دہشت گردی کی آگ میں دھکیلنے کی ذمہ دار ضیاء الحق کی باقیات ہے، جن کی دہشت گرد نواز پالیسی نے پاکستان کی سرزمین کو خون سے رنگین سرخ کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی بدترین صورتحال اب یہ تقاضا کررہی ہے کہ آپریشن ضرب عضب کا دائرہ کار بڑھا کر پورے ملک میں پھیلایا جائے اور پاکستان کے کونے کونے میں دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں کے خلاف بھرپور فوجی آپریشن کیا جائے۔
علامہ مختار امامی نے سانحہ پشاور میں شہید ہونے والے بچوں اور دیگر افراد نے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کسی اپنے کی لاش اٹھانے کا غم ہم اچھی طرح جانتے ہیں، کئی عرصے سے ہم بھی ان ہی طالبان کی دہشت گردی کا شکار ہیں، ہم نے بھی اپنے شہداء کے لاشے اٹھائے ہیں، پورے ملک کے مظلوم افراد دکھ کی اس گھڑی میں سانحہ پشاور کے شہداء کے لواحقین کے ساتھ کھڑے ہیں اور طالبان کے خلاف آپریشن ضرب عضب کی حمایت کرتے ہیں۔