وحدت نیوز (لاہور) دھاندلی زدہ حکومت ملک میں کیسے بلدیاتی الیکشن کروائے گی،بلدیاتی انتخابات آئینی و قانونی تقاضا ہیں ۔ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکریٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے جہلم کے دورہ کے موقع پر ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ دھاندلی کی پیدا وار حکومت ملک میں امن و امان قائم کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے عوام کو دہشت گردوں کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا گیا ہے جوحکمران عوام کو تحفظ فراہم نہیں کر سکتے وہ بلدیاتی الیکشن کیسے کروائیں گے ۔عوام کئی سالوں سے بنیادی حقوق سے محروم ہیں حکومت اپنے مفادات کے لیے راتوں رات آئینی ترامیم کر لیتی ہے مگر عوامی فائدے کے فیصلوں پر مدتوں عملدرآمد نہیں ہوتا ۔انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے بلدیاتی انتخابات نہ کرائے تو عوام سڑکوں پر نکل آئے گی اور عوام کے سمندر کے سامنے حکمران ٹھہر نہیں سکیں گے۔