وحدت نیوز (ملتان) مجلس وحدت مسلمین ملتان کے رہنمائوں علامہ قاضی نادرحسین علوی، مولانا عمران ظفر، محمد عباس صدیقی نے کہا ہے کہ ملک میں فرقہ وارانہ کوئی مسئلہ نہیں ہے اور اگر کہیں یہ مسئلہ پیدا کیا جاتا ہے تو یہ سارا حکمرانوں، بیوروکریٹس اور بیوروکریسی کا کیا دھرا ہوتا ہے۔ راولپنڈی سمیت ملک کے دیگر حصوں میں مجلس وحدت مسلمین اور آئی ایس او کے کارکنوں کی گرفتاری کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، حکومت ان کارکنوں کو فی الفور رہا کرے ورنہ ملک بھر میں احتجاجی تحریک چلائی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے ملتان پریس کلب میں مولانا مظہر عباس، فخرنسیم اور حسین بخش بھٹی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ رہنمائوں کا مزید کہنا تھا کہ محرم الحرام اور صفر المظفر میں انتظامیہ عزاداری کو محدود کرنے، مجالس میں رکاوٹیں اور جلوس ہائے کو روکنے کی کوشش کررہی ہے جس کی بھرپورمذمت کرتے ہیں اور حکومت کو متنبہ کرتے ہیں کہ وہ ان ہتھکنڈوں سے باز آجائے کیونکہ عزادری سید الشہداء علیہ السلام ہماری بقاء ہے۔