وحدت نیوز (ملتان) مجلس وحدت مسلمین ملتان کے زیراہتمام ملک میں جاری شیعہ ٹارگٹ کلنگ کے خلاف ملک کے دیگر شہروں کی طرح ملتان میں بھی علامہ ناصر عباس جعفری کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے نویں روز بھی ملتان پریس کلب کے سمانے علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ لگایا گیا۔ بھوک ہڑتالی کمپ میں ملتان کے سیکرٹری جنرل علامہ قاضٰ نادر حسین علوی، مولانا ہادی حسین ہادی،سید وسیم عباس زیدی،جام اطہر حیات،سید ناصر عباس گردیزی اور دیگر موجود تھے۔ کیمپ میں موجود شرکاء نے نماز مغرب پریس کلب کے سامنے ادا کی اور شہداء کی یاد میں شمعیں روشن کیں۔ اس موقع پر کیمپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے علامہ قاضی نادر حسین علوی کا کہنا تھا کہ ہمارااحتجاج ظلم کے خلاف ہے، کوئی بھی شخص چاہے وہ چرچ میں مارا جائے یا مندر میں چاہے میلاد کے جلوس میں شہید ہو یا کسی دربار میں انسانیت کا قتل ہے اور اس پر ہمیں تکلیف ہوتی ہے۔ پاکستان میں ضیائی فکر کاپرچار کر کے انتہا پسندی کو فروغ دیے جانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ڈیمو گرافک تبدیلیوں سے ہمارے اوپر انتہا پسند مسلط کیے جا رہے ہیں۔ جب تک داعش مائند سیٹ کو شکست نہیں دی جائے گی تب تک وطن عزیز کوقائد و اقبال کاپاکستان نہیں قرار دیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ پہلے ہم صرف دہشت گردی کا شکار تھے اب ہم ریاست گردی کی بھی لپٹ میں ہیں۔پاکستان میں اہلسنت کے بعد دوسری بڑی اکثریت ملت تشیع کی ہے۔ان کے ساتھ امتیازی سلوک کر کے ملک کی پرامن فضا کو خراب کرنے کی دانستہ کوشش کی جا رہی ہے۔ ہمارے خطبا و ذاکرین کو اپنے علاقوں تک محدود کیا جا رہا ہے۔ عزاداری کو محدود کرنے کی جو کوشش پہلے انتہا پسند قوتیں کرتی آئی ہیں اب ریاستی ادارے بھی اس میں شریک ہو گئے ہیں۔علامہ قاضی نادر حسین علوی نے واضح کیا کہ جب تک وفاقی حکومت کی طرف سے ملت تشیع کے مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے تب تک یہ احتجاج جاری رہے گا۔