وحدت نیوز (ٹوبہ ٹیک سنگھ) گزشتہ روز پشاور میں آرمی پبلک سکول پر ہونے والے حملے اور اُس کے نتیجے میں 100 سے زائد بچوں کی شہادت کے خلاف مجلس وحدت مسلمین کے سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کی اپیل پر ملک کے دیگر شہروں کی طرح ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی مرکزی مرکزی امام بارگاہ ٹوبہ ٹیک سنگھ جھنگ روڈ سے احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ احتجاجی ریلی مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی صدر بازار میں جلسے کی شکل میں تبدیل ہو گئی۔ ریلی کی قیادت ٹوبہ ٹیک سنگھ کے سیکرٹری جنرل چوہدری رضوان حیدر، مسئول صوبائی سیکرٹریٹ مجلس وحدت مسلمین پنجاب زاہد حسین مہدوی، ٹوبہ ٹیک سنگھ سٹی کے سیکرٹری جنرل رانا نعیم عباس الحسینی اور علامہ ہدایت حسین ہدایتی نے کی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے علامہ ہدایت حسین ہدایتی نے کہا کہ تمام مسلمانوں کو باہم متحد ہو کراسلام اور پاکستان کے لیے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ شیعہ سنی اتحاد ہی طالبان کی موت ہے۔ پاکستان میں شیعہ سنی سمیت تمام طبقات متحد ہوجائیں تو دنیا کی کوئی طاقت پاکستان میں دہشت گردی نہیں کرسکتی۔ ریلی سے زاہد حسین مہدوی، چوہدری رضوان اور دیگر نے خطاب کیا۔