وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین لاہور کے سیکرٹری جنرل علامہ حسن ہمدانی کارکنوں کے ہمراہ سربراہ مجلس وحدت مسلمین علامہ راجہ ناصر عباس کی شیعہ نسل کشی کیخلاف بھوک ہڑتال کے دوسرے روز میں داخل ہونے پر ان سے اظہار یکجہتی حکومت اور ریاستی اداروں کے ضمیر کو جھنجھوڑنے کیلئے لاہور پریس کلب کے سامنے بھوک ہڑتال پر بیٹھ گئے، بھوک ہڑتالی کیمپ میں روزانہ کے بنیاد پر مرد، خواتین، بچے اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شریک ہو کر ملت جعفریہ کیساتھ ہونے والی ظلم بربریت کیخلاف صدائے احتجاج بلند کریں گے۔ بھوک ہڑتالی کیمپ میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے علامہ حسن ہمدانی کا کہنا تھا کہ ہمارا یہ احتجاج غیر معینہ مدت کیلئے ہے جب تک ہمیں انصاف نہیں ملتا ہم اس بھوک ہڑتال کو جاری رکھیں گے، ہم ذلت کی زندگی کو عزت کی موت پر ترجیح دیتے ہیں، انشاللہ گذرتے دن کیساتھ ساتھ پورے ملک میں یہ احتجاجی تحریک پھیل جائیگی، ہم اپنی آئینی و قانونی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں شیعہ کلنگ پر حکومت اور ریاستی اداروں کی مجرمانہ خاموشی ہماری قوم کیلئے لمحہ فکریہ ہے، حکمران اور ادارے اس بات کی وضاحت کریں کہ ہمارے چوبیس ہزار سے زائد شہداء کے انصاف کیلئے کونسا راستہ اپنائیں؟ ہماری نسل کشی ایک منظم منصوبہ بندی کا حصہ ہے اس سازش سے ہم بخوبی واقف ہیں، ہمیں حب الوطنی اور امن پسندی کی سزا دی جا رہی ہے۔ علامہ حسن ہمدانی نے محب وطن عوام سے درخواست کی کہ وہ ملک سے دہشتگردی فرقہ واریت اور انتہاپسندی کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے ہماری اس تحریک کا ساتھ دیں ہم ظلم کیخلاف اور مظلوموں کے حقوق کیلئے گھروں سے نکلے ہیں اور مظلوموں کو حقوق دلانے کیلئے ہم اپنے خون کے آخری قطرے تک جدو جہد جاری رکھیں گے۔