وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کے زیراہتمام ملک بھر میں شیعہ ٹارگٹ کلنگ کیخلاف سربراہ مجلس وحدت مسلمین علامہ راجہ ناصر کے بھوک ہڑتال تحریک کی حمایت اور حکمران و ریارستی اداروں کی بے حسی کیخلاف احتجاجی مظاہرے وریلیاں، چاروں صوبوں آزاد کشمیر سمیت گلگت بلتستان کے تمام مختلف اضلاع میں مظاہرے ہوئے۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، کراچی،لاہور، پشاور،کوئٹہ ،ملتان،سرگودہا،فیصل آباد،رحیم یار خان،بھکر،ڈیر اسماعیل خان ،پاراچنار،انرون سندھ ،جیکب آباد شکار پور،ماتلی،حیدر آباد،قنبر شہزاد، سمیت مختلف شہروں میں منعقدہ مظاہروں میںہزاروں کی تعداد میں خواتین اور بچوں نے شرکت کی۔ مجلس وحدت مسلمین لاہور شعبہ خواتین کے زیر اہتمام پریس کلب سے اسمبلی ہال تک احتجاجی ریلی کا انعقاد، ریلی کی قیادت،علامہ حسن ہمدانی،علامہ شاہد نقوی ، علامہ مہدی کاظمی اور سیکرٹری جنرل شعبہ خواتین خانم لبنیٰ زیدی نے کی۔
تفصیلات کے مطابق مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی بھوک ہڑتال تحریک سے اظہار یکجہتی،شیعہ ٹارگٹ کلنگ،حکمرانوں کی مجرمانہ بے حسی اور سیکیورٹی اداروں کی مسلسل خاموشی کے خلاف شعبہ خواتین نے شانہ بشانہ ساتھ دینے کا اعلان کرتے ہوئے مل بھر میں بھرپور احتجاج کا سلسلہ شروع کر دیا ہے،لاہور میں خواتین کی احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین لاہور کے سیکرٹری جنرل علامہ حسن ہمدانی نے کہا کہ ملک کے چاروں صوبوں میں شیعہ پروفیشنلز کا بے دریغ قتل اور حکمرانوں کی خاموشی اس بات کی گواہی ہے کہ قاتلوں کے ساتھ گٹھ جوڑ کر لیا گیا ہے۔کالعدم گروہوں کو کھلی چھوٹ دی گئی ہے جو دندناتے پھرتے ہیں اور انہیں کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔انہوں نے سوالیہ انداز میں کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کہاں ہے کیا یہ صرف بیگناہوں پر لاگو ہوتا ہے،انہوں ے کہا کہ ہم ظلم کے ہر راستے کو روکیں گے چاہے وہ حکمرانوں کی طرف سے ہو یا کسی اورکی طرف سے ۔