وحدت نیوز (ملتان ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر ملک بھر کی طرح ملتان میں بھی یوم احتجاج منایا گیا۔ اس سلسلے میں مجلس وحدت مسلمین اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے زیراہتمام بعد از نماز جمعتہ المبارک جامع مسجد الحسین (ع) نیوملتان سے مدنی چوک تک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت مجلس وحدت مسلمین ملتان کے سیکرٹری جنرل علامہ سید اقتدار حسین نقوی، ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمد عباس صدیقی، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان ملتان کے ڈویژنل صدر تہور حیدری نے کی۔ ریلی کے شرکاء نے مجلس وحدت مسلمین اور آئی ایس او پاکستان کے جھنڈے، پلے کارڈز، اور بینرز اُٹھا رکھے تھے۔ جن پر امریکہ اسرائیل اور اسلام ومسلمان دشمن عرب ممالک کے خلاف نعرے درج تھے۔
ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین ملتان کے سیکرٹری جنرل علامہ سید اقتدار حسین نقوی نے کہا کہ امریکہ اور اُس کے حواری ایک بات ذہن نشین کرلیں کہ اگر شام پر کسی بھی طرح کی جارحیت کی گئی اسرائیل کا وجود دنیا سے ختم کردیں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ بعض عرب ممالک کے چہرے مسئلہ شام کے حوالے سے کھل کر سامنے آگئے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ ہم ایسی طاقتوں کی شدید مذمت کرتے ہیں جو یہ کہتی ہیں کہ مصر میں امریکہ کی مداخلت ٹھیک نہیں جب کہ شام میں امریکہ مداخلت کرے۔ اُنہوں نے کہا کہ ہم مصر اور شام دونوں میں امریکی مداخلت کی پُر زور مذمت کرتے ہیں۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمد عباس صدیقی اور تہورحیدری نے کہا کہ امریکہ ایک ناپاک سازش کے تحت مصر، شام اور پھر پاکستان میں رسائی حاصل کرنا چاہتا ہے۔ امریکہ اور اُس کے حواری کہ جنہوں نے اسلام کا لبادہ اوڑھ رکھا ہے دراصل اسلام کی جڑیں کاٹنے میں مصروف ہیں۔
ملتان، شام پر ممکنہ امریکی جارحیت کے خلاف ایم ڈبلیو ایم اور آئی ایس او کی مشترکہ احتجاجی ریلی