وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین نے 12 سے 17 ربیع الاول تک ہفتہ وحدت منانے کا اعلان کرتے ہوئے اپنے کارکنوں کو اہلسنت کے عید میلاد النبی کے جلوسوں اور میلاد کی محافل میں شرکت کی ہدایت کی ہے۔ ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے ''اسلام ٹائمز'' سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مجلس وحدت مسلمین جسیا کہ ہماری جماعت کے نام سے واضح ہے کہ ہم مسلمین کی وحدت کے لئے کام کر رہے ہیں اسی مقصد کے پیش نظر ہم نے پاکستان بھر کے شیعہ اور سنی حضرات میں وحدت کو فروغ دیا ہے اور اس حوالے سے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں اور شیعہ اور سنی ایک دوسرے کے بہت قریب ہو گئے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام دشمن قوتیں مسلمانوں کو آپس میں لڑا کر تفرقہ بازی کو فروغ دے رہی ہیں اور اس حوالے سے ایک تکفیری گروہ کو خصوصی طور پر ہدف دیا گیا ہے جو اہلسنت کا نام استعمال کر کے شہریوں کو بالعموم اور اہلسنت کا بالخصوص گمراہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سنی تحریک اور سنی اتحاد کونسل نے ان تکفیریوں کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا کہ وہ اہلسنت کا نام استعمال نہ کریں کیونکہ ان کے اس فعل سے سادہ لوح اہلسنت ان کی باتوں میں آ جاتے ہیں۔ انہوں نے واضح کہا کہ تکفیریوں کا اہلسنت سے کوئی تعلق نہیں بلکہ یہ اسلام دشمن قوتوں کے ایجنٹ ہیں۔
علامہ اسدی نے پنجاب بھر کے اپنے کارکنوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اہلسنت بھائیوں کےساتھ میلاد کے جلوسوں میں شریک ہوں اور 12 سے 17 ربیع الاول تک میلاد کی محافل کا انعقاد کریں اور ان میں اہلسنت علما اور عوام کو مدعو کریں اور اس طرح وحدت کو فروغ دے کر اسلام و پاکستان دشمن قوتوں کی سازشوں کو ملیا میٹ کر دیں۔ انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت کے پلیٹ فارم سے بھی ایک کانفرنس کرانے پر غور کیا جا رہا ہے جس میں تمام عالم اسلام کے مکاتب فکر کو شرکت کی دعوت دی جائے گی اور یہ کانفرنس اسلام دشمن قوتوں کےلئے ان کے ناپاک عزائم مٹی میں ملانے کےلئے سنگ میل ثابت ہو گی۔