وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین ملتان گلگشت یونٹ کا تنظیمی کنونشن ضلعی سیکرٹری جنرل علامہ قاضی ناد رحسین علوی کی زیرصدارت حیدریہ روڈ گلگشت میں منعقد ہوا۔ کنونشن میں صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل پنجاب علامہ اقتدار حسین نقوی نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر محمد عباس صدیقی، مرزاوجاہت علی، مولانا عمران ظفر، مولانا ممتاز حسین ساجدی ، ثقلین نقوی سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی شرکت۔ کنونشن کے آخر میں سابق یونٹ سیکرٹری جنرل سید علی رضا رضوی نے کارکردگی رپورٹ پیش کرتے ہوئے اپنی کابینہ سمیت مستعفی ہونے کااعلان کیا۔ جس کے بعد اکثریت رائے سے سید علی رضا رضوی کو دوبارہ سیکرٹری جنرل منتخب کرلیا گیا۔ نومنتخب سیکرٹری جنرل سے علامہ اقتدار حسین نقوی نے حلف لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری جنرل کا اعلان بھی کیا گیا۔ سید اکبر کاظمی ایم ڈبلیو ایم گلگشت یونٹ کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل ہوں گے۔ نومنتخب سیکرٹری جنرل نے اپنے خطا ب میں کہا کہ مجلس وحدت مسلمین نے کبھی بھی دہشت گردوں سے مذاکرات کی بات نہیں کی، ہم ہمیشہ سے دہشت گردوں سے سختی سے نمٹنے کے حق میں ہیں، ہم پاکستان کا فطری دفاع ہیں، گلگت بلتستان سے لے کر کوئٹہ تک ہم لاشیں اٹھاتے ہیں مگر پاکستان کا دفاع نہیں چھوڑا، پارا چنار کا طویل محاصرہ کیا گیا، مگر ثابت قدمی سے کامیابی ہوئی۔ ہم پاکستان میں دہشت گردوں، ان کے سیاسی و مذہبی و صحافتی پشتی بانوں کیخلاف آپریشن کا مطالبہ کرتے ہیں، پاکستان کو بچانے کے لئے سیاسی، مذہبی، صحافتی اور لسانی دہشت گردی کو ختم کرنا ہوگا۔