وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی کا صوبائی سیکرٹریٹ پنجاب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ نواسہ رسول ۖ کی اس بے مثال قربانی کو ہرمسلمان اپنی جگہ خراج عقیدت پیش کرتے ہیں،نواسہ رسول سے عقیدت صرف فقہ جعفریہ کا صرف عقیدہ نہیں بلکہ ہر بنی نوع انسان کا ایمان ہے،محرم الحرام کے اس مقدس ایام میں پنجاب حکومت کی جانب سے عزاداروں،علماء ،خطباء اور ذاکرین کو بلا جواز ہراساں کرنے کا سلسلہ جاری ہے،پنجاب پولیس کی جانب سے چاردیواری کے اندر خواتین کی مجالس روکنے کے لئے چادر و چاردیواری کے تقدس کو پامال کیا جارہا ہے،ہم یہ سمجھنے سے قاصر ہیں کہ پنجاب حکومت آخر چاہتی کیا ہے اور کس کی خوشنودی کے لئے ہماری مذہبی آزادی کو سلب کرنے پر بضد ہے،انہوں نے کہا کہ رانا ثنااللہ اور شہباز شریف صاحب سن لین ہم نواسہ رسول ۖ کی حرمت اور عزاداری امام مظلوم کے لئے کٹ تو سکتے ہیں لیکن کسی قسم کا سمجھوتاکرنے کو تیار نہیں،دنیا کی تاریخ گواہ ہے عاشقان محمد وآل محمدکسی بھی ظالم جابر کے سامنے سر جھکانے کو گردن کٹوانے پر ترجیح دیتے ہیں۔
پنجاب کے مختلف اضلاع میں علماء و ذاکرین کی ضلع بندیاں لوگوں سے ان کی مذہبی آزادی چھیننے کے مترادف ہے،ملت جعفریہ پاکستان دہشت گردی کی سب سے زیادہ متاثرہ فریق ہے،ہمارے ساتھ جہاں جہاں بھی ن لیگ کی حکومت ہے وہاں پر منظم طریقے سے انتقامی کاروائیاں جاری ہیں جس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں،ہم فرقہ پرستی اور انتہا پسندی کو پاکستان کے خلاف سازش سمجھتے ہیں،جنوبی پنجاب میں حکومت دہشت گرد گر و ہوں کے ہاتھوں یرغمال ہے،ہمارے خلاف کاروائیوں کا ایک مقصد انہی دہشت گردوں کو خوش کرنا بھی ہے،علامہ عبد الخالق اسدی کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب حکومت پر ہم واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ عزاداری اور میلاد مصطفیٰۖ کے خلاف کوئی بھی عمل ہمارے لئے قابل قبول نہیں، ہم ذکر محمد و آل محمد کے لئے کسی سے اجازت نہیں لیں گے ،یہ ہمارا آئینی و قانونی حق ہے ہم اس سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے،پریس کانفرنس میں صوبائی رہنماوُں علامہ محمد اقبال کامرانی،علامہ اصغر عسکری،سید اسدعباس نقوی،علامہ مظہر حسین شریک تھے۔