وحدت نیوز(کمالیہ)دہشت گردی کی حالیہ لہر ملکی سلامتی کے لئے خطرہ ہے، اگر بروقت اقدامات عمل میں نہ لائے گئے تو دہشت گرد عناصر کو شکست دینا مشکل ہوجائے گا، ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین تحصیل کمالیہ کے سیکرٹری جنرل سید حسن نقوی نے کابینہ کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ کراچی اور تفتان کے سانحات میں یوں لگتا ہے کہ جیسے یا تو حکمران بالکل بے بس ہوچکے ہیں یا پھر یہ سب کچھ ان کی منشاء اور خواہشات کے مطابق ہو رہا ہے، دہشت گرد عناصر اور ان کی پشت پناہی کرنے والے سیاسی اور مذہبی عناصر وطن عزیز کو دیمک کی طرح چاٹ رہے ہیں، اور کراچی ائیرپورٹ پر ہونے والی دہشت گردی میں بھارتی اسلحہ کے استعمال ہونے اور طالبان کی طرف سے ذمہ داری قبول کرنے سے یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہوچکی ہے کہ طالبان جیسے نام نہاد اسلامی گروہ درحقیقت پاکستان دشمن طاقتوں کے آلہ کار ہیں، جو یہود و نصاریٰ کے ایجنڈے کی تکمیل کے لئے کوشاں ہیں، بھارتی اسلحہ کے استعمال کے بعد اب حکمرانوں کو بھارت میں لگے اپنے کارخانوں کی فکر بھلا کر دہشت گرد عناصر کے خلاف ٹھوس حکمت عملی اپنانی ہوگی، سید حسن نقوی نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کوئٹہ میں کئے گئے وعدہ کی تکمیل کے لئے دہشت گرد طالبان کے خلاف بھرپور آپریشن کیا جائے تاکہ آئندہ وطن عزیز میں ایسی گھناؤنی سازش دوبارہ نہ ہوسکے۔