وحدت نیوز (ملتان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی جانب سے فرانس میں ہونیوالی دہشت گردی کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی نے کہا کہ فرانس میں ہونیوالی دہشت گردی قابل مذمت ہے۔ اس واقعے میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں کے لواحقین سے افسوس کا اظہار کرتے ہیں۔ نجی ٹی وی پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ اقتدار حسین نقوی نے کہا کہ فرانس کے واقعے نے ثابت کر دیا ہے کہ دہشت گردی صرف پاکستان اور عالم اسلام کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ یہ ایک عالمی مسئلہ ہے، جس کو حل کرنے کیلئے عالمی برادری کو ترجیحی بنیادوں پر مشترکہ لائحہ عمل تشکیل دینا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ نادان لوگ اسلام اور دہشت گردی کو ایک دوسرے کے ساتھ جوڑنے کی مذموم سازش کرتے ہیں، اب اس سازش کا خاتمہ ہونا چاہیئے۔ جب تک عالمی برادری انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف متحد نہیں ہوگی دنیا سے دہشت گردی کا خاتمہ ممکن نہیں ہے۔