وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان ملتان کے سیکرٹری جنرل علامہ سید اقتدار حسین نقوی نے ملتان میں پاکستان عوامی تحریک کے زیراہتمام بدامنی، دہشتگردی، قومی اداروں کی نجکاری اور مہنگائی کے خلاف نکالی جانیوالی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے اگر حکومت نے ان دہشتگردوں کے خلاف آپریشن نہ کیا تو حکومت کی بساط لپیٹ دی جائے گی۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ہزاروں شہداء کے قاتلوں سے مذاکرات غیرآئینی اور غیرشرعی ہیں، پاک فوج قدم بڑھائے پوری قوم ساتھ دے گی، پاک فوج، پولیس اور ایف سی کے جوانوں کی شہادت حکومت اور مذاکرات کی حامی جماعتوں کے منہ پر طمانچہ ہے۔ علامہ اقتدارنقوی نے مزید کہا کہ ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں، طالبان ملک میں جب اور جہاں چاہتے ہیں نہتے اور معصوم لوگوں کو لقمہ اجل بناتے ہیں حکومت اور منافق سیاستدان صرف بیانات دے رہے ہیں، اُنہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان میں محب وطن قوتوں کے ساتھ مل کر طالبان اور ملک دشمن قوتوں کے ساتھ فوج کے شانہ بشانہ لڑیں گے، دہشتگردوں کے خلاف آپریشن پورے ملک کی عوام کی آواز ہے۔