وحدت نیوز (ملتان) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ اقتدارحسین نقوی نے کہا ہے کہ 25دسمبر کو بانی پاکستان کا روز پیدائش ہے کاش پاکستان کے حکمران قائد کی فکر اور اُن کے نظریات پر عمل کرتے تو آج پاکستان کی یہ صورتحال نہ ہوتی۔ وحدت سیکرٹریٹ میں قائد اعظم کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علامہ اقتدارنقوی نے کہا کہ آج کا پاکستان اور قائد کے پاکستان میں زمین اور آسمان کا فرق ہے، قائد اعظم نے جس عظیم مقصد کے لیے پاکستان کو بنایا تھا آج اُنہیں مقاصد کو فراموش کردیا گیا ہے۔ موجودہ حکمرانوں کا قائد کے ویژن سے کوئی تعلق نہیں، آج پاکستان کی عوام جن مشکلات کا شکار ہے قائد اعظم انہی کے حل کے لیے الگ مملکت چاہتے تھے۔ حکمرانوں کی جانب سے بلند وبانگ دعوؤں کی بجائے عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ قاضی نادر حسین علوی نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں سے قائدکا پاکستان بننے کی توقع رکھنا فضول ہے۔ کل تک جو مذہبی وسیاسی رہنما قائد اعظم پر کفر کے فتوے لگارہے تھے آج وہی پاکستانی اداروں کے کرتے دھرتے بنے بیٹھے ہیں، پاکستان کو اتنا نقصان باہر نہیں پہنچا جتنا اندرونی دشمن پہنچارہے ہیں۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے رہنماؤں نے حضرت عیسی علیہ السلام کی ولادت کے موقع پر مسیحائی برادری کو مبارکباد پیش کی۔ تقریب سے محمد عباس صدیقی، سید وسیم عباس زیدی، مہر سخاوت علی،سید علی رضا بخاری اور دیگر نے خطاب کیا۔