وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ سید اقتدار حسین نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان کے قیام میں اہلیبیت کے چاہنے والوں کی عظیم قربانیاں ہیں، بانی پاکستان اور اُن کی بہن محترمہ فاطمہ جناح نے اس سرزمین کی لیے اپنی جان تک کی پرواہ نہ کی لیکن افسوس کہ کل تک اس ملک کو کافرستان اور اور بابائے قوم کو کافر اعظم کہنے والے آج اس ملک کے اقتدار پر قابض ہیں۔ ملتان سے جاری بیان کے مطابق ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ قیام پاکستان سے لے کر آج تک ہماری قوم نے اس ملک کی تعمیر وترقی میں اپناتن من دھن قربان کیا۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ آزادی کی قدر غلام قوموں کو ہوا کرتی ہے، ہماری آزادی ہمارے شہداء کی مرہون منت ہے، ہم نے اس ملک کی تعمیر وترقی اور بقاء کی خاطر ہزاروں جوانوں کی قربانیاں دیں ہیں اور انشاء اللہ اس ملک کی بقاء کے لیے بڑی سے بڑی قربانی دینے سے دریغ نہین کریں گے۔