وحدت نیوز (ملتان) مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے میڈیا کوارڈینیٹر ثقلین نقوی نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے آئی سی آئی جے کے بیان کو غلط رنگ دیا گیا، بعدازاں آئی سی آئی کے سربراہ کے وضاحتی بیان کے بعد حکومتی ''جھوٹوں'' کی قلعی کھل گئی ہے۔ لیکن شریف خاندان اور حکومت کی جانب سے کسی قسم کی شرمندگی کا کوئی اظہار نہیں کیا گیا۔ ملتان میں ہونے والے تنظیمی کنونشن کی انتظامی کمیٹی کے اجلاس کے بعد جاری بیان میں ثقلین نقوی کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب کے 14اضلاع پر مشتمل نئے صوبے کا پہلا تنظیمی کنونشن یکم مئی کو (جامع مسجد الحسین )ملتان میں ہوگا، جس کی تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں۔ کنونشن میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری خصوصی شرکت کریں گے۔ اس کے علاوہ مرکزی کابینہ کے دیگر اراکین سید مہدی عابدی، یعقوب حسینی، علامہ عبدالخالق اسدی اور سنٹرل پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اصغر عسکری شرکت کریں گے۔ کنونشن میں جنوبی پنجاب کے اضلاع کی جانب سے نئے سیکرٹری جنرل کا انتخاب کیا جائے گا اور نئے سیکرٹری جنرل کا اعلان شام چار بجے کیا جائے گا۔ جس کے بعد مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری دیگر رہنمائوں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے۔