کشمیر و فلسطین و یمن میں انسانی حقوق کی پامالی کے بدترین واقعات رقم کئے جا رہے ہیں، جن کیخلاف اقوام عالم کو انسانی اور اخلاقی بنیادوں پر آواز بلند کرنی چاہئے،علامہ حسن ہمدانی

29 اپریل 2022

وحدت نیوز(لاہور)مجلس وحدت مسلمین پنجاب سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ممبر متحدہ علماء بورڈ، ڈپٹی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پنجاب علامہ سید حسن رضا ہمدانی نے کہا ہے کہ 27 رمضان المبارک جمعہ کے روز اسرائیلی جارحیت کیخلاف دنیا بھر میں یوم القدس منایا جائے گا اور فلسطین ،کشمیر و یمن کے مظلومین سے اظہار یکجہتی کیلئے بھرپور انداز میں ریلیاں نکالی جائیں گی۔ لاہور کی مرکزی القدس ریلی مسجد صاحب الزمان حیدر روڈ اسلام پورہ سے پنجاب اسمبلی حال تک نکالی جائے گی۔ ریلی کی قیادت مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ احمد اقبال رضوی، صدر امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان لاہور ڈویژن حیدر ثقفی و دیگر قائدین کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین کے مظلومین کی حمایت میں علامہ اقبال اور قائد اعظم کے نظریات ہمارے لیے بہترین لائحہ عمل ہیں، القدس مسلکی مسئلہ نہیں بلکہ امت مسلمہ کا باہمی مسئلہ ہے، کشمیر و فلسطین و یمن میں انسانی حقوق کی پامالی کے بدترین واقعات رقم کئے جا رہے ہیں، جن کیخلاف اقوام عالم کو انسانی اور اخلاقی بنیادوں پر  آواز بلند کرنی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ ظالموں کی مخالفت اور مظلوموں کی حمایت ایک شرعی تقاضا ہے۔امریکہ، بھارت اور اسرائیل دور عصر کے سب سے بڑے ظالم اور غاصب ہیں۔ ان کے خلاف ملت تشیع بھرپور انداز میں احتجاج جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ القدس پر اسرائیل کے غاصبانہ تسلط کے خاتمے کا وقت بہت قریب ہے۔ القدس کی آزادی کو اب  دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔ فلسطین کی وہ قوم جو کل تک اسرائیلی ٹینکوں کا مقابلہ پتھروں سے کرتی تھی آج جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہے۔ عوامی مزاحمت نے اسرائیل کو عملی اور فکری طور پر شکست فاش سے دوچار کیا ہے۔امریکہ کے کندھے پر سوار ہو کر اسرائیل زیادہ دیر تک اپنی بقاء کی جنگ نہیں لڑ سکے گا۔ فلسطین کی اس ترقی نے اسرائیل اور اس کے حواریوں کو خوفزدہ کر رکھا ہے۔ اپنے وسعت پسندانہ عزائم کی تکمیل کیلئے دیکھے جانیوالے گریٹر اسرائیل کے خواب آج چکنا چور ہو چکے ہیں اور  صیہونی اپنے غاصب حصے پر قبضہ برقرار رکھنے کیلئے بوکھلاہٹ میں ہاتھ پاوں مار رہے ہیں۔ اسرائیل کی اس ناکامی کا سارا کریڈٹ امام خمینی کو جاتا ہے جنہوں نے انقلاب ایران کے بعد القدس کے مسئلے کو زندہ رکھنے کیلئے بھرپور آواز بلند کی۔

انہوں نے کہا کہ انقلاب ایران کے بعد امام خمینی نے جمعة الوداع کے موقع پر پوری دنیا کے اندر یوم القدس منانے کا اعلان اس وقت کیا جب عالمی قوتیں اسرائیل کو ایک اٹل حقیقت منوانے پر تلی ہوئی تھیں۔ انہوں نے کہا وہ عالمی استکباری قوتیں جو فلسطینیوں سے ان کا آبائی علاقہ چھیننا چاہتی ہیں، آج ہمارے وطن عزیز کی سلامتی و استحکام کو بھی تباہ کرنے پر تلی ہوئی ہیں۔ امریکہ پاکستان کا بدترین دشمن ہے اور اس کی سالمیت کو نقصان پہنچانے کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگا رہا ہے۔ دہشتگردوں کے ذریعے وطن عزیز کو عدم استحکام کا شکار کرنے کے ایجنڈے پر بڑی تیزی سے کام ہو رہا ہے، دہشتگردی کیخلاف جنگ میں اس قوم نے پہلے ہی بہت نقصان اٹھایا ہے۔ ہمارا ملک مزید کسی آزمائش کا متحمل نہیں۔ وطن عزیز کی سلامتی کو یقینی بنانے کیلئے بیرونی مداخلت کا مکمل خاتمہ ناگزیر ہے۔ ملک کے حساس معاملات میں امریکی مداخلت پر ہماری خاموشی وطن عزیز کیلئے سنگین خطرہ ثابت ہو سکتی ہے۔

پریس کانفرنس میں علامہ عاصم مخدوم، سید حسین زیدی، صدر امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن لاہور ڈویژن حیدر ثقفی، مولانا سید حسین نقوی، مولانا علام عباس شیرازی، شیخ عمران اور نجم جعفری و دیگر عہدیدار شریک ہوئے۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree