وحدت نیوز(لاہور)کل مسالک علماء بورڈ کے چیئرمین مولانا عاصم مخدوم نے پاکستان کے جید علمائے کرام پیر سید عثمان نوری، مفتی شبیر انجم، علامہ سید حسن رضا ہمدانی ،مفتی شہباز عالم فاروقی، مولانا محمد یونس ریحان، مفتی سید عاشق حسین، علامہ خالد محمود، علامہ غلام عباس شیرازی، علامہ محمد شفیق بٹ، علامہ عباس شیرازی کے ہمراہ مجلس وحدت مسلمین پنجاب سیکریٹریٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرزمینِ پاکستان میں کسی کو بھی آئمہ اطہار رضی اللہ عنہ کے خلاف زبان درازی کی اجازت نہیں دیں گے۔
حضرت امام حسن عسکری علیہ السلام کی زوجہ نرجس خاتون سلام اللہ علیہا اور حضرت امام موسی کاظم علیہ السلام کے خلاف نازیبا جسارت کرنے والے ملعون گستاخ اذان الٰہی کو فی الفور گرفتار کیا جائے. تمام مسالک کے ہاں آئمہ اہل بیت رضوان اللہ علیہم اجمعین رشد و ہدایت کے امام ہیں. خانوادہ رسول اللہ صل اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعظیم اور احترام ایمانیات کا اہم باب ہے. کلمہ اسلام پڑھنے والا شخص اس بات کا حلف اٹھاتا ہے کہ وہ رسول اکرم ص کی ہر نسبت کا احترام کرے گا. دینِ اسلام میں تعظیمِ اہل بیت عظام اور تعظیمِ صحابہ کرام کو تعظیمِ رسول اللہ ص کا درجہ حاصل ہے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پنجاب علامہ حسن رضا ہمدانی نے کہا کہ ہر سال محرم الحرام کی آمد سے قبل ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت فرقہ واریت کو پھیلایا جاتا ہے. ہمارا مطالبہ ہے کہ اس آذان الہی نامی ملعون شخص سے تحقیقات کی جائیں کہ اس کے پیچھے سازشی عناصر کون ہیں. فرقہ واریت زہرِ قاتل ہے. تمام مسالک کے علماء اس کے خلاف متحد ہیں. ہم اپنے ملک میں فرقہ واریت کو پنپنے نہیں دیں گے۔