وحدت نیوز(لاہور) سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پنجاب علامہ عبد الخالق اسدی نے کہا ہے کہ مجلس وحدت مسلمین نے گلگت بلتستان کے عوام کا 70سالہ خواب پورا کردیا ہے۔ سربراہ مجلس وحدت مسلمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے وزیراعظم عمران خان سے گلگت بلتستان کو صوبائی سیٹ اپ دینے کے فیصلے کو ہی انتخابی اتحاد کی بنیاد شرط رکھا تھا، جس کا اعلان کرکے وزیراعظم عمران خان نے ناصرف وعدہ پورا کیا بلکہ گلگت بلتستان کے عوام کو ان کے خوابوں کی تعبیر بھی دیدی ہے۔ بہتر سالوں سے سرزمینِ بے آئین گلگت بلتستان کے باسیوں کی اکثریت اس فیصلے کی منتظر تھی۔گلگت بلتستان کیلئے کیے گئے فیصلے پر فوری عمل درآمد کی اشد ضرورت ہے، اگر ایسا نہ ہوا تو پاکستان دشمن قوتوں کو علاقے میں تقویت ملے گی ۔
یہاں گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے عمائدین کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ عبدالخالق اسد کا مزید کہنا تھا کہ گلگت بلتستان چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کا صدر باب ہے۔ ون بیلٹ ون روٹ کے اس پروجیکٹ کا پانچ سو کلو میٹر کا حصہ گلگت بلتستان کے سینے سے گزر کر گوادر کی جانب منزل کی تکمیل کو پہنچتا ہے۔سی پیک پاکستانی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ثابت ہوگا۔گلگت بلتستان کو دیگر صوبوں کی طرح صوبائی سیٹ اپ دینے کے فیصلے پر ہندوستان اسرائیل اور امریکہ کی صفوں میں کھلبلی مچ گئی ہے۔ ہندوستانی اور امریکی لابی وزیراعظم عمران خان کے اس احسن اقدام کی مخالفت کر رہے ہیں اور اس اعلان کی مخالفت کرنے والے پاکستان کے دشمنوں کی زبان بول رہے ہیں لیکن مجلس وحدت مسلمین اس امر میں وزیر اعظم عمران خان اور حکومت پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور وقت آنے پر کسی بھی قسم کی قربانی دینے سے گریز نہیں کریں گے۔