وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین اسلام آباد کے ضلعی سیکرٹری جنرل سید ظہیر نقوی نے تھانہ سیکرٹریٹ میں معروف مذہبی شخصیت و عزادار سید اصغر حسین نقوی کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج اور گرفتاری کی شدید مذمت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ اکیس رمضان یوم علی ع کی مناسبت سے نکلنے والے روایتی جلوس کو انتقام کا نشانہ بناکر مومنین کو اضطراب کا شکار کیا گیا۔مذہبی آزادی ہمارا آئینی وقانونی حق ہے جس پر کوئی قدغن قبول نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ماتمی جلوس پر دہشت گردی کی دفعات لگانا متعصبانہ عمل اور اپنے اختیارات سے تجاوز ہے جس پر چارہ جوئی کا ہمیں قانونی و آئینی حق حاصل ہے۔ اسلام آباد پولیس کا یہ ناروا عمل ملت تشیع کو مشتعل کرنے کے مترادف ہے۔انہوں نے مطالبہ کہا کہ سید اصغر حسین نقوی پر درج بے بنیاد ایف آئی آر کالعدم قرار دے کرانہیں فوری رہا کیا جائے۔