وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل پنجاب ڈاکٹر سید افتخار نقوی کا کہنا تھا کہ آج ایک دھوکے باز اور کرپٹ حکومت کا ایک سیاہ باب بند ہو گیا۔ ان سیاسی پنڈتوں نے 2013 میں عوام سے بے پناہ وعدے کیے اور عوام کو سنہرے خواب دکھا کر بے وقوف بنایا۔ آج یہ لوگ عوام کو جواب دیں کہ انہوں نے 5 سالہ دور حکومت میں کیا تیر مارے۔
انہوں نے کہا کہ میاں شہباز شریف 2018 میں لوڈ شیڈنگ کے خلاف مینار پاکستان پر احتجاجی کیمپ لگا کر اچھی ایکٹنگ کرتے تھے اور الیکشن مہم میں 6 ماہ میں لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کے جھوٹے وعدے کرتے رہے،اور پانچ سال بعد کہتے ہیں کہ اگر کل سے لوڈ شیڈنگ ہوئی تو ہم ذمہ دار نہیں۔
ڈاکٹر افتخار نقوی کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب پر دس سال حکومت کرنے کے بعد نہ ہی کوئی ترقی ہوئی اور نہ ہی لوڈ شیڈنگ ختم کرنے سمیت کوئی وعدے وفا ہوئے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ آج کرپٹ حکمرانوں سے نجات کا دن ہے اورقوم کو یوم نجات منانا چاہیے۔ عوام کو چاہیے کہ 25 جولائی کوووٹ کی طاقت سے سوچ سمجھ کر فیصلہ کریں تاکہ اس ظالم و جابر اور کرپٹ نظام کا خاتمہ کیا جاسکے۔