وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین ضلع لاہور کی ضلعی شوریٰ کا اجلاس ایم ڈبلیو ایم صوبائی سیکرٹیریٹ شادمان لاہور میں منعقد کیا گیا ۔ اجلاس کی صدارت ضلعی سیکرٹری جنرل علامہ حسن رضا ہمدانی نے کی۔اجلاس میں مختلف وقومی و ملی امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ حسن رضا ہمدانی کا کہنا تھا کہ ایم ڈبلیو ایم ایک الٰہی تنظیم ہے جس کو بنانے کا مقصد اپنی قوم کو مضبوط کرنا اور معاشرے میں وہ مقام دلانا ہے جس کے ہم نہ صرف مستحق ہیں بلکہ اس ملک میں ہماری قربانیاں سب سے زیادہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس تیزی سے بدلتے ہوئے معاشرے میں ہمیں اندرونی اور بیرونی دشمن کی سازشو ں کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا ہو گا ۔ دشمن سمجھتا ہے کہ وہ ہمیں تقسیم کرنے میں کامیاب ہو جائے گا لیکن وہ اس بات سے غافل ہے کہ یہ قوم عزاداری کے پرچم کے نیچے ہمیشہ ایک رہے گی جسے تقسیم نہیں کیا جاسکتا۔
اجلاس میں ایم ڈبلیو ایم ضلع لاہور کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید نجم عباس ،ڈپٹی سیکرٹری جنرل شیخ عمران، علمدار زیدی ، ماجد کاظمی ، فصاحت بخاری شریک ہوئے۔ جبکہ صوبائی کابینہ سے صوبائی سیکرٹری جنرل پنجاب علامہ مبارک علی موسوی اورصوبائی آفس سیکرٹری سید حسین زیدی نے اجلاس میں خصوصی شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب میں سید ماجد کاظمی کا کہنا تھا کہ ہم نے غم حسین ؑکو جگہ جگہ پھیلایا لیکن بد قسمتی سے پیغام حسین ؑ کو اس طرح سے پھیلانے میں ناکام رہے جس طرح ہمیں پھیلانا چاہیے تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں چاہیے کہ ممبر سے ایسے علما اور ذاکرین کو لایا جائے جو غم حسین ؑ کے ساتھ ساتھ پیغام حسین ؑ سے لوگوں میں شعور اجاگر کر سکیں۔ اجلاس میں ضلع لاہور کے ٹاؤن اور یونٹ سیکرٹریز نے بھرپور شرکت کی اور اور اپنی رپورٹ جمع کرائی ۔ اجلاس کادعائے امام زمانہ کےساتھ اختتام کیا گیا۔