وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل پروفیسر ڈاکٹر افتخار نقوی کاملکی سیاسی صورتحال کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اس وقت ملک میں سیاسی گرما گرمی عروج پر ہے ، جبکہ حکمران جماعت سینٹ الیکشن جیتنے کے لیے ہارس ٹریڈنگ کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ ہمیشہ سے چھانگا مانگا کی سیاست پر یقین رکھتی ہے لیکن 2018 کے سینٹ الیکشن سمیت جنرل الیکشن میں بھی ن لیگ کی ناکامی یقینی ہے۔ ن لیگ نے اپنے دور اقتدار میں کرپشن کے ریکاڈز بنائے اور ترقیاتی کاموں کی آڑ میں کرپشن کا بازار گرم رکھا۔
انہوں نے کہاکہ نوازشریف قوم کو اداروں کے خلاف اکسانے کی بجائےحقائق بتائیں کہ انہوں نےسپریم کورٹ میں قطری خط کے علاوہ کوئی ثبوت پیش نہیں کیا ۔ نواز شریف کے خلاف احتساب عدالت میں کیس چل رہا ہے جس کا فیصلہ ایک ماہ کے اندر متوقع ہے ، اسی لیئے نواز شریف خوفزدہ ہو کر قومی اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے پر مجبور ہے۔ انہوں نے کہا کہ نہال کے بعد اب طلال ، دانیال سمیت میاں برادران بھی اڈیالہ جانےکے لیے تیار ہو جائیں کیوں کہ شریف برادران کا سیاسی مستقبل انتہائی تاریک ہے ۔