وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیر اہتمام راولپنڈی،اسلام آباد،لاہور،کراچی،ملتان اور فیصل آباد سمیت ملک کے دیگر شہروں میں عید میلاد النبی ﷺکو مذہبی جوش و خروش سے منایا گیا۔ایم ڈبلیو ایم کے اراکین نے مرکزی جلوسوں کے شرکا کا پھول کی پتیاں نچھاور کر کے استقبال کیا۔مختلف علاقوں میں ایم ڈبلیو ایم کے قائدین کی طرف سے سٹیج بھی سجائے گئے جہاں نعت خوانوں کی بھرپور پذیرائی کرتے ہوئے ان میں انعامات تقسیم کیے گئے۔جلو س کے راستوں میں استقبالیہ کیمپ اور سبیلوں کا بھی انتظا م کیا تھا جہاں مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی و ضلعی رہنما نعت خواں پارٹیوں کاگرمجوشی سے استقبال کر رہے تھے۔وحدت و اخوت کے اس عملی اظہار کو سنی علما کی طرف سے بے حد سراہا گیا۔راولپنڈی سے نکلنے والے مرکزی جلوس میں مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری بھی شریک ہوئے۔مختلف سٹالوں پر ان کا والہانہ استقبال کیا گیا۔مجلس وحدت مسلمین کی طرف سے جامع مسجد روڈ پر سجائے جانے والے اسٹال پر علامہ ناصر عباس کافی دیر موجود رہے۔شرکا سے خطاب کرتے ہوئے علامہ ناصر عباس نے وحدت و اخوت کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ آج کا دن سب کے لیے خوشی کا دن ہے ۔آج اس رحمت اللعالمین کی ولادت کا روز ہے جس کے لیے اللہ تعالی نے پوری کائنات خلق کی۔یہ دن افضل الانبیا کی اس دنیا میں تشریف آوری کا دن ہے۔سابق وفاقی وزیر و سینئر سیاستدان شیخ رشید احمد بھی ایم ڈبلیو ایم کے رہنما سے ملاقات کے لیے تنظیمی سٹال پر تشریف لائے۔دونوں رہنماؤں کے درمیان مختلف امور پر گفتگو کا فی دیر تک جاری رہی۔ مجلس وحدت مسلمین 12 تا 17ربیع الاول تک ہفتہ وحدت و اخوت منا رہی ہے۔اس دوران ملک بھر میں جشن میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں سمینار منعقد کیے جا رہے ہیں۔تمام صوبائی و ضلعی دفاتر پر چراغاں اور نعتیہ محافل کا انعقاد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔