وحدت نیوز(فیصل آباد) مجلس وحدت مسلمین فیصل آباد کے سیکرٹری جنرل احسان جعفری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایم ڈبلیو ایم پاکستان اتحاد بین المسلمین پر یقین رکھتی اور ملکی سالمیت کو اپنے ایمان کا حصہ سمجھتی ہے، قومی ایکشن پلان پر اس کی روح کے مطابق عمل ہونا چاہئے، لیکن بے گناہ افراد کو دہشتگرد نہ بنایا جائے۔ دھوبی گھاٹ گرائونڈ فیصل آباد میں پریس کانفرنس کے موقع پر ڈپٹی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم پنجاب ڈاکٹر افتخار حسین نقوی، مولانا سید فضل عباس کاظمی، مولانا محمد علی جوہر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ ایام عزاء میں ہمارے روایتی پروگرامز کو بند کیا جا رہا ہے، ہم نے بار ہا افسرانِ بالا کی توجہ ان مسائل کی طرف دلائی، جو ہر دفعہ یہ یقین دہانی کرواتے ہیں کہ روایتی پروگرامز کے راستہ میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے، جبکہ علاقے کا ایس ایچ او اس بات سے صاف انکاری ہے۔ اسی طرح ایف آئی آر درج کرنے کی رفتار خطرناک حد تک تجاوز کرچکی ہے، جبکہ گھروں میں ہونے والے چھوٹے موٹے پروگرامز بھی بند کروائے جا رہے ہیں، جیلوں میں ہونے والے عزاداری کے قدیم پروگرامز بھی روک دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکام بالا عزاداری کو روکنے کے اقدامات کا فوری نوٹس لیں۔