وحدت نیوز (ملتان) پشاور میں آرمی پبلک سکول پر دہشت گردوں کے حملے اور حملے کے نتیجے میں 100 سے زائد بچوں کی شہادت کے خلاف مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری اور آئی ایس او پاکستان کے مرکزی صدر تہور حیدری کی اپیل پر ملک کے دیگر شہروں کی طرح ملتان میں بھی اُن معصوم بچوں اور اُن کے لواحقین اظہار یکجہتی کے لیے ملتان پریس کلب کے سامنے شمعیں روشن کی گئیں۔ اس موقع پر پشاور میں شہید ہونے والے کے ساتھ اظہار یکجہتی کی گئی۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین ملتان کے قائمقام سیکرٹری جنرل محمد عباس صدیقی، علامہ قاضی نادرحسین علوی، ثقلین نقوی، آئی ایس او ملتان کے صدر قمر رضا، علی نقوی، دلاور زیدی، فخر نسیم سمیت دیگر رہنما موجود تھے۔ رہنمائوں سے خطاب کرتے ہوئے محمد عباس صدیقی کا کہنا تھا کہ سانحہ پشاور کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ پشاور میں ہونے والا سانحہ حالیہ تاریخ میں بچوں کا سب سے بڑا سانحہ اور المیہ ہے۔ آپریشن ضرب عضب نے دہشتگردوں کی کمر توڑ دی ہے۔ صرف وزیرستان میں آپریشن کی بجائے پورے ملک میں ان دہشتگردوں کے خلاف کاروائی کی جائے۔ اُنہوں نے کہا کہ ملک میں طالبان عناصر کے سرپرستوں کے خلاف کاروائی کی جائے۔ اسلام آباد کی لال مسجد میں دائش کے حق میں ویڈیوز جاری کی جاتی ہیں لیکن بے غیرت حکومت اُنہیں لگام دینے کی بجائے تحفظ فراہم کر رہے ہیں۔ وزیرداخلہ کی آنکھیں کھل جانی چاہییں حملہ کرنے والے پاکستانی نہیں تھے بلکہ عربی اور انگریزی میں بات کر رہے تھے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ قاضی نادرحسین علوی کا کہنا تھا کہ پشاور میں سکول پر حملہ علم دشمنی کا منہ بولتا ثبوت ہے جس کی ذمہ دار پاکستان حکومت ہے جو کہ اُن دہشتگردوں کے لیے نرم گوشہ رکھتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ آج استعمار آنکھیں نہیں رکھتا یا بہرہ ہو گیا ہے آج کتنے بچوں کو شہید کیا گیا۔ پشاور میں شہید ہونے والے بچوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردوں کو کیا معلوم ایک ماں اپنے بچے کو کیسے پروان چڑھاتی ہے، حکومت اگر دہشت گردوں کے سرپرستوں کو حراست میں لے تو اس سانحے کی تہہ تک پہنچا جا سکتا ہے۔