وحدت نیوز (ملتان) مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی نے بلوچستان کے سیکرٹری خزانہ مشتاق رئیسانی کی کرپشن سامنے آنے پر مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں سیاستدانوں کے ساتھ ساتھ بیوروکریٹس بھی کرپشن کے بڑے مگر مچھ ہیں ، بلوچستان کے سیکرٹری خزانہ کی دیگر صوبوں میں موجود بیوروکریٹس جو کرپشن میں ملوث ہیں اُنہیں بے نقاب کیا جائے۔ ترجمان کے مطابق علامہ اقتدار حسین نقوی نے کہا کہ پاکستان میں سیاستدانوں کے ساتھ ساتھ بیوروکریٹس بھی عوامی دولت لوٹنے میں مصروف ہیں ، کرپشن میں ملوث عناصر چاہے وہ کسی بھی محکمے میں ہوں اُن کے خلاف کاروائی کی جائے اور ملک میں موجوداس ناسور کو ختم کیا جائے۔ اُنہوں نے ڈیرہ اسماعیل میں چار شیعہ مسلمانوں کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخواہ کی حکومت صوبے میں امن وامان کے قیام میں ناکام ہوچکی ہے ۔ آئے روز ڈاکٹرز، پروفیسرز، وکلاء اور دیگر افراد کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ ملک کا وزیر اعظم جب کرپشن میں مہارت رکھتا ہوگا تو ماتحت افسران سے اس طرح کی کرپشن بعید نہیں ہیں ۔ ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا جارہا ہے جو قومی خزانے کے محافظ تھے وہی لٹیرے اور چور بن چکے ہیں۔