وحدت نیوز (لیہ) مجلس وحدت مسلمین ضلع لیہ کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید عدیل عباس شاہ نے کہا ہے کہ آئی ایس پی آر کی جانب سے قومی ایکشن پلان کے حوالے سے جاری بیان حقائق پر مبنی اور حکومت کیلئے لمحہ فکر ہے۔ اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ نواز حکومت بالخصوص پنجاب میں شہباز شریف کی حکومت میں قومی ایکشن پلان دہشتگردوں کی بجائے ملت تشیع کیخلاف استعمال ہورہا ہے، اسی ایکشن پلان کے نام پر عزاداری سید الشہداء (ع) کو محدود کرنے کی کوشش کی گئی، اور اہل تشیع کو ہراساں کیا گیا، پولیس کی جانب سے شیعہ رہنماوں اور نوجوانوں کو پریشان کیا گیا، انہوں نے کہا کہ قومی ایکشن پلان کو پوری قوم نے سپورٹ کیا، حکومت اس حوالے سے سنجیدگی کا مظاہرہ کرے اور اپنی پالیسی درست کرے۔ انہوں نے فرانس کے شہر پیرس میں دہشتگردانہ حملہ کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی، اور کہا کہ دنیا میں امن قائم کرنے کیلئے دہشتگردوں کی سرپرستی کرنے والے ممالک کو اپنی پالیسی تبدیل کرنا ہوگی، بےگناہ شہری جس بھی مذہب و ملک سے تعلق رکھتے ہوں، ان کا قتل جرم ہے۔