وحدت نیوز(اسلام آباد) گلگت بلتستان کے عوام کو تاریخی احتجاج اور استقامت کی بدولت حقوق کے حصول پر مبارک باد پیش کرتے ہیں ، غیور قوم نے ثابت کر دیا کہ اتحاد واتقاق کی برکت سے ہر کام ممکن بنایا جا سکتا ہے،عوامی ایکشن کمیٹی کی لیڈر شپ اور گلگت بلتستان کے عوام کی بہادری اور استقامت پر پوری قوم کا سر فخر سے بلند ہوا ہے، حقوق کے حصول کی جنگ بہت طویل ہے یہ تو نقطہ آغاز ہے، بارہ روزہ احتجاج میں اپنے اور پرائے سب آشکار ہو گئے، اس خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے گلگت بلتستان میں بارہ روزہ طویل اور کامیاب تاریخی دھرنے کے اختتام اورعوامی ایکشن کمیٹی کے نو نکاتی چارٹرڈ آف ڈیمانڈ کی وفاقی وصوبائی حکومت کی جانب سے منظوری پر اپنے تہنتی پیغام میں کیا۔
مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری اپنے پیغام میں علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ آج ایک مرتبہ پھر حق کی فتح ہوئی اور باطل شکست کھانے پر مجبور ہواہے، بارہ روز تک کھلے آسمان تلے بیٹھنے والے غیور عوام کی استقامت رنگ لائی اور ظالم حکومت گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہوئی، گلگت بلتستان کےعوام کے ساتھ ساتھ وہ تمام سیاسی مذہبی جماعتیں ، انسانی حقوق کی تنظیمیں اور شہری جنہوں نے خطہ بے آئین گلگت بلتستان کے حقوق کی بحالی کے لئے آواز بلند کی سب خراج تحسین کے مستحق ہیں ۔ملک کو درپیش سنگین خطرات اور جاری دہشت گردی میں کہ جب عوام خوف مایوسی اور عدم تحفظ کا شکار ہیں ، عوامی جدوجہد سے اپنے جائز حقوق کا حصول کسی معجزے سے کم نہیں ،ملک بھر میں بسنے والے اٹھارہ کروڑپسماندہ شہری گلگت بلتستان کے عوام سے سبق لیتے ہوئے اپنے حقوق کےحصوک کے لئے میدان میں اتر آئیں، گندم سبسڈی کی بحالی کی تحریک عظیم مقاصد کے حصول کی تحریک کا نقطہ آغاز ہے نہ کہ نقطہ انجام ، اس تاریخی احتجاج نے جہاں نے ظالم حکمرانوں کو ذلیل و رسوا کیا وہیں عوام سے دوری اختیار کرنے والی مذہبی وسیاسی جماعتوں کے چہروں سے بھی نقاب نوچ ڈالی ہے، انشاءاللہ گلگت بلتستان کےغیور اور بیدار عوام خائن و نا اہل سیاسی ومذہبی جماعتوں کو آئندہ قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں ان کی خیانتوں کا سلہ ضرور دیں گے۔