وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ ناصرعباس جعفری اور سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا کی صوبائی سیکرٹریٹ مجلس وحدت مسلمین پنجاب مسلم ٹاوُن لاہور میں ملاقات ہوئی اور یوم شہداء میں شامل ہونے کیلئے آنے والے مختلف اضلاع کے کارکنان کو انتظامیہ کے جانب سے ہراساں کرنے کے عمل کی مذمت کی۔ ملاقات میں علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ پرامن عوامی جدوجہد ہمارا آئینی و جمہوری حق ہے اور اس حق کو کوئی ہم سے چھین نہیں سکتا، یہی حکمران جب لوڈشیڈنگ کیخلاف پچھلے دور حکومت میں پرتشدد احتجاج کریں یا لانگ مارچ اپنے سیاسی پارٹنر سابق چیف جسٹس کیلئے کریں تو جائز، باقی پاکستانی عوام کیلئے پابندی۔ یہ کہاں کا انصاف اور جمہوریت ہے؟ سابق صدر آصف زرداری کو بھاٹی چوک پر لٹکانے کا اعلان کرنے والے وزیراعلٰی پنجاب کس منہ سے ڈاکٹر طاہرالقادری کے خلاف بغاوت اور عوام میں اشتعال پیدا کرنے کا مقدمہ درج کر رہے ہیں۔؟ علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ حکومت ہم سے سیاسی انتقام لے رہی ہے، ڈاکٹر طاہر القادری سے پہلےمیں اور حامد رضا گرفتاری دیں گے،یوم شہداء اور انقلاب مارچ سے پہلے حکومتی بوکھلاہٹ اس بات کی غمازی ہے کہ یہ حکمران اعصابی جنگ ہار چکے ہیں، عمران خان اور ہمارا ایجنڈا تقریباً ایک ہے، کیونکہ جب تک یہ نظام تبدیل نہیں ہو جاتا حقیقی معنوں میں عوام کی حکمرانی ممکن نہیں۔
ملاقات میں سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ ہمارے حوصلے ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے پست ہونے والے نہیں، ہم ثابت کریں گے کہ ان بادشاہوں کی رکاوٹیں ریت کی دیوار ثابت ہونگی۔ انہوں نے کہا کہ الحمدللہ پاکستان کے بانیان شیعہ سنی متحد ہیں اور تکفیروں کے سرپرستوں کو ملکی سلامتی سے نہیں کھیلنے دینگے، ہم حکمرانوں کو متنبہ کرتے ہیں کہ ہم پرامن یوم شہداء ہرحال میں منائیں گے، یہ ہمارا قانونی حق ہے۔ صاحبزادہ حامد رضا کا کہنا تھا کہ پنجاب بھر میں مجلس وحدت مسلمین، سنی اتحاد کونسل اور پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان کو ہراساں کرنے والے سن لیں، انقلاب مارچ ہر حال میں ہوگا اور ہم عوامی طاقت سے اس عمل کو یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شریف برادران کی نااہلی کے باعث ان کی کسی حکومت نے بھی اپنی مدت پوری نہیں کی اور اس بار بھی ان کی نااہلی اور جمہوریت دشمن اقدامات کی بدولت عوام انہیں گھسیٹ کر انصاف کے کٹہرے میں لا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی ناکامی ان کی ترجیحات ہیں، عوام لوڈشیڈنگ اور غربت کی چکی میں پس رہے ہیں اور حکمران بجلی پیدا کرنے کے بجائے سڑکیں اور پل بنانے میں مصروف ہیں۔