وحدت نیوز (راولپنڈی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصرعباس جعفری نے کہا ہے کہ عزاداری امام حسین ہماری طاقت اور یزیدیت کے مقابلے میں ہمار ی فرنٹ لائن ہے ہم اپنا اگلا مورچہ کسی بھی صورت میں دشمن کے حوالے نہیں کر سکتے ، اگر راولپنڈی میں جلو س اربعین کو روکنے یا اس کا روٹ تبدیل کرنے کی کوشش کی گئی، راولپنڈی کو سیل کر دیاجائے گا، راولپنڈی کی ہر گلی اور کوچے میں عزاداری ہو گی، کراچی، لاہور ، کوئٹہ ، پشاور اور گلگت بلتستان سمیت پورے ملک کے جلو سہائے اربعین سڑکوں پر ہی روک دیئے جائیں گے اور اس وقت تک آگے نہیں بڑھیں گے جب تک راولپنڈی کا جلوس روائتی راستوں سے گزر کر منزل پر نہیں پہنچے گا ۔وہ یوم عشق ولائے حسین کی مناسبت سے قدیمی امام با رگاہ راولپنڈی میں منعقدہ اجتماع سے خطاب کر رہے تھے ،انہوں نے کہا کہ عزاداری مظلوم کربلا کی بنیاد شریکة الحسین سیدہ زینب سلام اللہ علیہا نے اپنے بھائی کی لاش پر ماتم کر کے رکھی ، یہ مولا حسین کے چہلم کا جلوس ہے کسی جماعت یا فرد کا نہیں اس پر کوئی کمپرومائز نہیں کیا جا سکتا ، ہم یہ جلوس اپنی پوری طاقت کے ساتھ نکالیں گے ، اگر پہلے عزاداری واجب تھی تو اربعین کا جلوس اوجب ہے ۔ہماری مائیں بہنیں اس جلوس میں بچوں کے ہمراہ شریک ہوں گی اور ملت تشیع کا ہر فرد جلوس میں غسل شہادت کر کے آئے گا ، انشاء اللہ علمائے کرام جلوس کے فرنٹ پر ہوں گے اور سب سے پہلے قربانی دیں گے ۔
انہوں نے امام بارگاہوں کے متولیان اور جلوسوں کے منتظمین کو ہدایت کی وہ افواہوں پر کان نہ دھریں بلا خوف و خطر عزاداری کے پروگراموں کا مقررہ وقت پر آغاز کریں، اسلام کی چودہ سو سالہ تاریخ گواہ ہے کہ ہم نے اپنا سب کچھ وقربان کیا لیکن دامن اہلبیت نہیں چھوڑا ، ہم شہیدوں کی میراث اور انبیاء و اولیاء کے وارث ہیں ، اگر ہم نہ ہوتے تو وفا مر چکی ہوتی ، سچائی کا کہیں نام و نشان تک نہ ہوتا م ہم نے فضیلتوں کے چمن کی اپنے خون سے آبیاری کی ہے، ہم خون کے دریا عبور کر کے یہاں تک پہنچے ہیں ، ہم نے مشکل ترین دور دیکھے ، مکار ، دھوکے باز م جلاد اور فرعوں خصلت حکمران دیکھے لیکن آدم ، موسیٰ، محمد ۖ اور اہلبیت کا راستہ نہیں چھوڑا ، آج اس مقام پر ہمارا مل بیٹھنا اس بات کی دلیل ہے کہ ہم سب کچھ دے سکتے ہیں لیکن مظلوم کربلا کا ذکر اور عزادری نہیں چھوڑ سکتے ، انہوں نے کہا کہ یزیدیت ایک ایسا سانپ ہے جس کے کئی منہ ہیں، آج بیس کروڑ عوام کے ایٹمی طاقت رکھنے والے اس ملک کی حیثیت دوبئی کے برابر بھی نہیں ، ہمارے ملک کو انہی یزیدیوں نے اور ان کی سرپرستی کرنیوالے جرنیلوں نے کمزورکیا ، شہروں میں مدرسوں کی شکل میں وزیرستان بنا دیئے گئے اور انہیں اسلحہ کے زور پر عوام کو گھروں میں محدود کرنے کا ہدف دیا گیا ، انہوں نے کہا کہ میں پاکستان کے ہر محب وطن شہری کو بتا دینا چاہتا ہوں کہ نواز شریف اور شہباز شریف کی حکومتیں یزیدیت کی سرپرستی کر رہی ہیں ان کا پاکستان اور پاکستانی عوام سے کوئی تعلق نہیں ہے ، دہشت گردوں کے خلاف محض سعودیہ کی ناراضگی کے خوف سے آپریشن نہیں کیا جاتا ، انشاء اللہ ہم حکمرانوں کو اس طرح رسوا کر دیں گے کہ وہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کرنے پر مجبور ہو جائیں گے ۔