وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید ناصرعباس شیرازی نے گلگت بلتستان میں جاری عوامی احتجاج اور 9 دن سے جاری دھرنوں کے صورت حال پر مختلف جماعتوں اور ہیومن رائٹس کمیشن اورانسانی حقوق کی اداروں کے مسئولین سے گلگت بلتستان کی ہنگامی صورت حال پر کردار ادا کرنے کی اپیل قومی، مذہبی اور سیاسی رہنماوں سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ اس مشکل گھڑی میں پورے پاکستان کے لوگوں کو گلگت بلتستان کے عوام کیساتھ کھڑے ہونے کی ضرورت ہے۔ سرزمین بے آئین گلگت بلتستان کے عوام کو مزید مظلومی اور تنہائی کا شکار کرنا خطے پر مزید منفی اثرات مرتب کریگا اور وطن عزیز کا فطری دفاع دشمن کی کسی سازش کا شکار ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھر میں تحریک چلانے اور گلگت بلتستان کے عوام کی تائید کرنے کیلئے تمام سیاسی جماعتوں سے کھل کر کردار ادا کرنے کی اپیل کی۔
ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کے رکن حیدر عباس رضوی، مسلم لیگ ق کے سینیٹر مشاہد حسین سید، عوامی نیشنل پارٹی کے سینیٹر افراسیاب خٹک، تحریک منہاج القرآن کے نائب سربراہ صاحبزادہ محی الدین قادری، پاکستان عوامی تحریک کے ناظم اعلیٰ خرم گنڈہ پور، جماعت اسلامی کے مرکزی سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ، پاکستان تحریک انصاف کے راہنمائوں ڈاکٹر عارف علوی اور اعجاز چوہدری، سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا اور چیئرمین وائس آف شھداء سابق سینیٹر فیصل رضا عابدی انسانی حقوق کمیشن اور سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی سابق صدر عاصمہ جہانگیر سے روابط کے ذریعے یقین دہانی حاصل کی کہ وہ گلگت بلتستان کے عوام کی سبسڈی کے حقوق کے حصول کیلئے وہاں مظلوم عوام کیساتھ ہر محاذ پر کھڑے ہونگے۔
دوسری طرف سینٹ اسٹینڈنگ کمیٹی برائے انسانی حقوق کے سربراہ سینیٹر افراسیاب خٹک نے وعدہ کیا کہ وہ سینیٹر مشاہد حسین سید، سینیٹر نسرین جلیل، سینیٹر رضا ربانی سمیت دیگر ممبران سینیٹ کے ہمراہ 26 اپریل کو گلگت بلتستان پہنچ کر تمام سیاسی و علاقائی اکابرین سے ملاقاتیں کر کے گلگت بلتستان کے عوام کے حقوق کی آواز کو پارلیمنٹ میں بلند کریں گے۔