وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان عالمی یوم مزدورکے موقع پر وطن عزیز کے بلند ہمت محنت کشوں کی عظمت کو سلام پیش کرتی ہے یوم مئی کی تعطیل بھی گھر بیٹھ کر آرام سے اشرافیہ اور سرمایہ دار ہی منا تے ہیں، ایک مزدور نہیں۔پاکستان میں ہر دور کے حکمرانوں نے مزدوروں کااستحصال کیا ہے۔ جمہوریت کے نام پر جمہور کی تضحیک کرنے والوں نے مزدور تو کیا عوام کو بھی اپنے پاوں کی جوتی سمجھ رکھا ہے ان خیالات کا اظہارمجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے مزدوروں کے عالمی دن کے حوالے سے اپنے پیغام میں کیا اُن کا کہناتھا کہ پاکستان کے تمام سیاسی اشرافیہ مزدوروں کے نام پر سیاسی کھیل کھیلتے رہے اور مزدور ہر دور میں دو وقت کی روٹی کو ترستے رہے حیرت ہے کہ عوام اور مزدوروں کے نام پر حکومتیں حاصل کرنے والی طاقتیں بھی مزدور کے نام پر مزدور کا ہی استحصال کرتی ہیں ان کا کہنا تھا کہ جب تک پاکستانی عوام اس فرسودہ اور دو خاندانوں کی حکمرانی والے نظام کیخلاف اُٹھ کھڑے نہیں ہونگے اس استحصالی نظام میں عوام اور مزدوروں کے حقوق پامال ہوتے رہیں گے۔
معاشرے کے تمام کمزور افراد کی بلا تفریقِ نسل و مذہب خدمت مجلس وحدت مسلمین کے سیاسی منشور کا حصہ ہے،اور اس پر عملی اقدامات کئے جا رہے ہیں، مزدور کی ضروریات کو پورا کرنا اسلامی حکومت کی ذمہ داری ہے ،ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ مزدوروں کے لئے سبسڈی کیساتھ راشن کا نظام دوبارہ سے مرتب کی جائے ، سوشل سیکورٹی سسٹم کا بجٹ بڑھایا جائے اور اس نظام سے صرف آجر کو فائدے نہ پہنچائے جائیں، کم سے کم ماہانہ اور روزانہ مزدوری کی سطح کو دو گنا کیا جائے ، چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لئے موثر قوانین بنائے جائیں اور مانیٹرنگ کا فعال نظام بنایا جائے ۔