وحدت نیوز(اسلام آباد)نظم و وحدت کے بغیر مشترکہ اہداف کا حصول ممکن نہیں۔ بدی کی قوتیں متحد ہوچکی ہیں، عقل کا تقاضا ہے کہ نیکی کی طاقتیں بھی اکٹھی ہوجائیں۔ ظلم و فرعونیت کا مقابلہ کرنے کے لئے افراد کی تربیت کرنا ہوگی۔ 50 منظم و تربیت یافتہ افراد 1500 غیر تربیت یافتہ کو شکست دے سکتے ہیں۔ ہمیں مرکز امامت و ولایت کے گرد اکٹھا ہونا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے اسلام آباد میں منعقدہ معرفت ولایت تنظیمی و تربیتی ورکشاپ برائے مسئولین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ کربلا میں 72 امامت کے گرد اکٹھے ہوئے اور حزب اللہ کہلائے۔ غیبت کبریٰ میں ہمارے نظم کا محور ولی فقیہ ہوگا۔ امام و ولی کی مثال کعبہ کی طرح ہوتی ہے۔ یہی نظام (نظام ولایت فقیہ) ہمیں مکتب محمد و آل محمد (ع) سے متصل کرتا ہے۔ اگر ہم ولایت سے متصل نہ رہے تو ہمارا شمار حزب شیطان سے ہوگا۔ ولایت فقیہ کا انکار کرنے والوں کو ولایت زرداری و نواز شریف کا تابع فرمان ہی رہنا پڑے گا۔ پاکستانی سیاست پر بات کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم کا کہنا تھا کہ آج کی سیاسی جماعتیں فرعونی جماعتیں ہیں ان کے خلاف ہمیں آزادی کی جنگ لڑنا ہوگی۔ عالمی قوتوں نے پاکستان کو اکھاڑہ بنا کر ہماری قوم و ملت کی توہین کی۔