وحدت نیوز(نجف اشرف) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل و خارجہ اُمور کے سیکریٹری علامہ سید شفقت حسین شیرازی نے ایک وفد کے ہمراہ نجف اشرف میں پاکستانی نژاد مجتہد آیت اللہ حافظ بشیر حسین نجفی کے صاحبزادے علامہ شیخ علی نجفی سے ملاقات کی۔ مجلس وحدت مسلمین کے وفد میں ایم ڈبلیو ایم نجف اشرف کے سیکریٹری جنرل علامہ سید مہدی نجفی، اراکین رابطہ کمیٹی شیخ ناصر نجفی بھی ہمراہ تھے۔ ملاقات کے دوران علامہ سید شفقت شیرازی نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی کارکردگی کو بیان کیا۔ جس پر شیخ علی نجفی المعروف ابو صادق نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ عراق کی مرجعیت ایم ڈبلیو ایم کے ساتھ ہے اور اس حوالے سے مکمل تعاون کیا جائے گا۔ شیخ علی نجفی نے کہا کہ اس وقت پاکستان کے شیعوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے کی ضرورت ہے۔ تاکہ ایک کلمہ پر جمع ہو کر مسائل تشیع کو بہتر طریقے سے حل کرسکیں۔ جس پر علامہ شفقت شیرازی نے کہا کہ پہلے بھی مجلس وحدت مسلمین پاکستان میں وحدت کے لیے کوشاں ہے اور آئندہ بھی یہ کوشش جاری رہے گی۔ اس موقع پر علامہ سید شفقت شیرازی نے شیخ علی نجفی کو پاکستان آنے کی دعوت دی، جس پر اُنہوں نے آمادگی کا اظہار کیا۔