وحدت نیوز (کراچی) پیپلز پارٹی (شہید بھٹو) کی چیئرپرسن غنویٰ بھٹو نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری کو ٹیلی فون پر رابطہ کرکے سانحہ مستونگ میں بےگناہ اٹھائیس افراد کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ غنویٰ بھٹو کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین نے پرامن دھرنے دیکر شہداء کی آواز کو بلند کیا ہے جسے ہم سراہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں یہ اعزاز ملت تشیع کے پاس ہے کہ جس نے چار چار دن سڑکوں پر گزارے اور ایک گملا تک نہیں ٹوٹا، ایسی مثالیں معاشرے میں بہت کم ملتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس انداز میں معاملات کو اچھے طریقے سے انجام دیا گیا وہ قابل ستائش ہے۔ غنویٰ بھٹو کا کہنا تھا کہ ہم آپ کے دکھ درد میں برابر کے شریک ہیں اور اظہار تعزیت کرتے ہیں۔ علامہ ناصر عباس جعفری نے اظہار تعزیت کرنے پر غنویٰ بھٹو کا شکریہ ادا کیا۔