وحدت نیوز(اسلام آباد) سانحہ عاشورہ راولپنڈی کے بعد پورے پنجاب خصوصاً لاہور میں فرقہ واریت کو شدت سے ہوا دی جا رہی ہے، پنجاب حکومت جانتے بوجھتے دہشت گردوں کے خلاف کسی بھی کاروائی سے گریزاں ہے ، اس کے دہشت گرد حملے ہمیں حق و صداقت کی راہ سے نہیں ہٹا سکتے ، علامہ ناصر عباس کی شہادت عزاداری کا نقصان ہے ، شہید کے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ امین شہیدی نے وحدت ہائوس اسلام آباد سےجاری اپنے تعزیتی بیان میں کیا ۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت مسلسل دہشت گرد حملوں کے باوجود دہشت گردوں کے خلاف کسی ٹھوس کاروائی سے اجتناب کر رہی ہے ، ہم نے واضح اور دو ٹوک الفاظ میں وفاقی اور صوبائی حکومت کو آگاہ کیا ہے کہ عزاداری سید الشہدا ء کے خلاف کسی بھی سازش کو ملت جعفریہ کسی صورت قبول نہیں کر ے گی ، عزاداری اور میلاد البنی (ص) کے جلوس شیعہ سنی محب وطن عوام کا بنیادی آئینی حق ہے ، حکومت مذہبی مقدسات کو محدود کر نے کے بجائے دہشت گردوں کے گرد گھیرا تنگ کرے ، لاہور جیسے پر امن شہر میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں اضافہ باعث تشویش ہے ، علامہ ناصر عباس کے قتل کی ذمہ دار سراسر پنجاب حکومت ہے ، جو ان دہشت گردوں کی پشت پناہی میں مصروف ہے ۔