وحدت نیوز (کراچی) نظام ولایت وہ اہم نظام ہے کہ اللہ رب العزت نے پوری کائنات کو اس نظام کی محوریت میں رکھا ہے ، اگر یہ دنیا ایک لمحے کے لئے بھی حجت خدا اور امام برحق سے خالی ہو جائے تو زمین و آسمان کا سارا نظام درہم برہم ہو کر رہ جائے ۔ہمارے عقیدے کے مطابق آئمہ اطہار علیہم السلام تمام انبیاء و اوصیاء سے علمی و معنوی طور پر افضل ہیں ، رسول اکرم (ص)کے علاوہ کوئی اولوالعزم پیغمبر اہل بیت (ع) کے علم و معنویت کے درجے پر نہیں پہنچ سکتا۔تعلیمات مولا ئے کائنات رہتی دنیا کے لئے مشعل راہ ہیں ،آج ہمارے اطراف میں ناانصافی ، دہشت گردی ، کرپشن ، لوٹ مار یہ ساری سماجی بیماریاں اصل تعلیمات علوی (ع) سے دوری کا نتیجہ ہیں ۔ ان خیالات کا مجلس وحدت مسلمین پاکستان ے مرکزی سیکریٹری امور فرہنگ علامہ شیخ اعجاز حسین بہشتی نے امام بارگاہ سامرہ نیوز رضویہ سوسائٹی کراچی میں تین روزہ مجالس شہادت مولا امیر المومنین حضرت علی ابن ابی طالب علیہم السلام سے خطاب کر تے ہو ئے کیا ۔
ان کا کہنا تھا کہ باب مدینتہ العلم وہ عظیم ہستی ہیں جنہوں نے منبر سے سلونی کا دعویٰ کرتے ہو ئے ارشاد فرما یا ، مجھ سے سوال کرو قبل اس کے میں دنیا سے چلا جاؤں ، مجھے آسمانوں کے راستو ں کا اس طرح علم جیسے تمہیں زمین کے راستوں کا ۔امیر کائنات (ع) کی ذات منبع علم الہیٰ ، چشمہ علم الہٰی ہے ، جس کی طرف آپ (ع) نے اشارہ فرمایا ،میرے سینے میں علم کے چشمے پھوٹتے ہیں اور میری علمی فضاؤں میں کوئی پرندہ پرواز نہیں کر سکتا ۔
کاش دنیا باب مدینتہ العلم کی معرفت رکھتی اور علم و روحانیت علی ابن ابی طالب علیہم السلام سے لیتی تو آج یہ مشکلات و پریشانیاں کہ جن کا سامنا ہے نہیں ہو تیں ۔ہماری بد بختی یہی ہے کہ ہم علم و معنویت اہل بیت سے نہیں لیتے اگر ہم علی (ع) اور اولاد علی (ع) سے علم و معنویت لیں تو اللہ تعالیٰ ہمیں دنیا و آخرت دونوں میں حیات طیبہ عنایت فرمائے گا۔
عالم بشریت کی مشکلات کی وجہ تعلیمات علوی (ع) سے روگردانی ہے ، علامہ اعجاز بہشتی