وحدت نیوز( لاہور) ناصر شیرازی ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ ذات نبی کریم ؐ تمام مسلم امہ کیلئے مرکز وحدت ہے۔ سیرت طیبہ پر عمل پیرا ہو کر مسلمان دنیا بھر کے انسانوں کیلئے رول ماڈل بن سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ رحمت للعالمین کے ماننے والے کبھی دہشت گرد اور فسادی نہیں ہوسکتے۔ اسلام امن و سلامتی کا دین ہے اور حضور کی ذات عالمین کیلئے باعثِ رحمت ہے۔ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید ناصر عباس شیرازی ایڈووکیٹ نے ہفتہ وحدت کی مناسبت سے الحمراہ ہال میں خانہ فرہنگ اسلامی جمہوریہ ایران اور امامیہ آرگنائزیشن پاکستان کے زیر اہتمام میلاد البنی ﷺ کے جلسے سے خطاب کر تے ہو ئے کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ بے گناہوں کے گلے کاٹنے والوں کا اسلام اور نبی آخر الزمان ؐ کے ساتھ کوئی تعلق نہیں۔ یہ دہشت گرد اور فسادی گروہ ابو جہل اور ابولہب کے پیرو کار ہو سکتے ہیں تاجدارِ مدینہ کے نہیں، سیرت پیغمبر اکرم ﷺ میں کہیں بھی تبلیغ اسلام کے لئے ظلم و جبر کا استعمال نظر نہیں آتا۔ ناصرشیرازی کا کہنا تھا کہ عید میلاد النبیؐ پر شیعہ سنی وحدت اور جلوسوں میں ریکارڈ شرکت نے شر پسندوں کو تنہا کر دیا ہے۔اور وہ اپنا مو قف بدلنے پر مجبور ہیں، پاکستان میں اہل سنت و اہل تشیع مل کر وطن دشمن عنا صر سے پاک کر سکتے ہیں ۔