وحدت نیوز ( کراچی ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے جشن عید غدیر اور عظمت ولایت کانفرنس کی تیاریوں کے سلسلے میں مرکزی مسجد جعفر طیار سوسائٹی ملیر میں نماز مغربین کے اجتماع سے خطاب کر تے ہو ئے کہا کہ۱۸ ذی الحجہ یوم عید غدیر ، عیدوں کی سردار ہے ، اسلام میں اس روز سے بڑا مقام کی روز کا نہیں ، عید غدیر کو جشن منانا مسلمانوں کا حق ہے ، عالم اسلام کی ایک بہت بڑی مشکل کے حل کا نام عید غدیر ہے ، ختم نبوت کے بعد آغاز ولایت و امامت نے امت مسلمہ کو گمراہی اور تباہی سے بچا یا، عالم اسلام کی تمام تر اجتماعی ، سماجی اور سیاسی مشکلات کا حل ولایت کی پیروی میں پنہاں ہے ، حکمران اگرنام نہاد جمہوریت کے بجائے امام علی (ع)کی طرز حکمرانی کوشیوا بناتے آ ج وطن عزیزاس حال کو نہ پہنچتا،ہمارے مکتب میں سیاست عبادت کا دوسرا نام ہے ، عوام الناس کی خدمت ، یتیموں ،مساکین اور غرباء کی خدمت امام علی (ع) نے ہمیں سکھائیں ، اگر تاریخ اسلام میں کوئی حاکم عوامی مسائل مشکلات اور پریشانیوں پر تڑپتا تھا وہ امام علی(ع) تھے، اپنے غصب شدہ حقوق کی حصولی کے لئے جدوجہد کر تے رہیں گے ، سیرت جناب سیدہ کونین سلام اللہ علیہا ہمیں ظالموں اور غاصبوں سے سمجھوتا نہیں سکھاتی۔