وحدت نیوز(اسلام آباد) شدید خطرات کے باوجود ملت پاکستان نے تاریخ کا عظیم جلوس میلاد النبی ﷺ نکالا، سلام پیش کرتا ہوں ان بیدار سنی شیعہ مسلمانوں کو جنہوں نے عشق رسول اکرم ﷺ کو والہانہ اظہار کیا ، دشمنان دین ، ملک و ملت کی تمام تر سازشیں اور سرمایہ کاری آ ج خاک میں مل گی، شیعہ سنی وحدت و انسجام کے جس صفر کا آغاز ۵ جنوری کو اسلام آباد سے ہوا آج اس کا عملی مظاہرہ پورے ملک میں دیکھا گیا، خدا نے چاہا تووطن عزیز میں شیعہ سنی بھائی چارگی اور وحدت کے ثمرات سے پاکستان کے داخلی و خارجی مسائل سے نجات حاصل ہو گی ، ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے وحدت ہائوس اسلام آبادسے جاری اپنے تہنتی پیغام میں کیا ۔
ان کاکہنا تھا کہ خدا کے فضل و کرم سے ملک بھر میں جشن عید میلاد النبی ﷺ کے جلوس بخیر وعافیت اختتام پذیر ہو ئے ، شدید خطرات کے باوجود ملک بھر میں سنی شیعہ عوام نے عشق رسول خداﷺ سے سرشار ہوکر جلوس میلاد النبی میں شرکت کی ،ملت جعفریہ کی عید میلاد النبیﷺ کے اجتماعات میں شرکت غیر معمولی رہی ، اہل تشیع برادری گذشتہ سالوں کی نسبت زیادہ بڑی تعداد میں گھروں سے باہر نکلی اور عملی طور پر جلوس ہائے میلاد النبی ﷺ میں اپنے اہل سنت بھائیوں کے شانہ بشانہ نظر آئی ، حکومت اور سکیورٹی اداروں نے بھی اپنے فرائض بحسن و خوبی انجاب دیئے ، جس پر وہ تحسین کے مستحق ہیں ، مجلس وحدت مسلمین اور سنی اتحاد کونسل نے جس محبت ، اخوت اور وحدت کے صفر کا آغاز اسلام آباد سے کیا تھا آج ملک بھر میں اسکی عملی تصویر ملاحظہ کی گئی، انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کو بچانے کے لئے اسے بنانے والی قوتیں یعنی اہل سنت و اہل تشیع کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے، ہمیں آپس کے اتحاد اور سیرت نبی کریم ﷺ پر عمل پیرا ہو کر دین مبین کی ترویج، دفاع ، سربلندی اور ملکی سلامتی کے لئے اپنا قومی کرار ادا کرنا ہو گا، پاکستان کو دہشت گردی اور لاقانونیت سے نجات دلانا تمام عاشقان و پیروان مصطفیٰ ﷺ کی دینی وشرعی فرض ہے۔