وحدت نیوز(راولپنڈی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی اپیل پر آج یوم عشق عزائے حسین علیہ السلام منایا گیا، قدیمی امام بارگاہ راولپنڈی میں ایک عظیم الشان اجتماع منعقد کیا گیا، جسمیں شہر بھر سے ہزاروں کی تعداد میں نہ صرف مرد وزن بوڑھے اور جوان شریک ہو ئے بلکہ پیروان حضرت علی اصغر علیہ السلام و حضرت عون ومحمد علیہ السلام بھی بڑی تعداد میں موجود تھے ۔ اس عظیم اجتماع سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ مجاہد ملت حضرت علامہ راجہ ناصرعباس جعفری سمیت نائب سربراہ علامہ محمد امین شہیدی ، علامہ مرزا یوسف حسین اور دیگر علمائے کرام نےولولہ انگیز اور روح پر ور خطاب کیا ۔ ا جتماع میں شریک ہزاروں کی تعداد میں عاشقان و محافظان عزاداری نے اس عزم کا اعادہ کیا کے ہم مٹ سکتے ہیں ، ٹکڑے ٹکڑے کیئے جا سکتے ہیں لیکن عزاداری شبیر (ع) پر کو ئی سمجھوتہ قبول نہیں کر سکتے، آنے والاجلوس چہلم امام حسین (ع) عزادری سید الشہداء علیہ السلام سےہمارے عشق کا گواہ قرار پائے گا انشاءاللہ۔