وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی جنرل سیکریٹری علامہ راجہ ناصرعباس نے اسلام آباد کچہری کے افسوسناک سانحہ کو حکومتی نااہلی اور سیکورٹی اداروں کی ناقص کارکردگی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ شیطانی قوتوں سے مذاکرت کا انجام اسی طرح کے سانحات کی صورت میں سامنے آتا رہے گا۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں سے مذاکرات کی لغو اور بے بنیاد سوچ زمینی حقائق کے منافی اور قمیتی انسانی جانوں کے ضیاع کا باعث بن رہی ہے۔جس کا خیال فوراََ دل سے نکال دینا چاہیے۔انہوں نے کہا صرف وہی قوتوں مذاکرات کی حامی ہیں جن کے دہشت گردوں سے اپنے ذاتی مفاد وابستہ ہیں۔ایک ایٹمی طاقت کو مٹھی بھر دہشت پسندوں کا یوں یرغمال بنا لینا پوری دنیا کے لیے باعث حیرت ہے۔ان عناصر کے خلاف آپریشن میں پش وپیس نہ صرف حکومتی کردار کو مشکوک بنا رہا ہے بلکہ ساری دنیا کے سامنے موجودہ حکومت کی بزدلی کے تاثر کو تقویت بھی دے رہا ہے۔انہوں نے کہا دہشت گردی کے خاتمے کے لیے صرف وزیر ستان ہی نہیں بلکہ ملک کے کونے کونے میں ٹارگٹڈ آپریشن کی اشد ضرورت ہے۔وطن عزیز کی سلامتی و استحکام صرف اور صرف دہشت گردی کے خاتمے سے ممکن ہے جسے یقینی بنایا جانا چاہیے۔ علامہ راجہ ناصرنے ایڈیشنل شیشن جج رفاقت اعوان اور دیگر افراد کی شہادت پر لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم آپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ ہم مرحومین کی بلندیِ درجات اور لواحقین کے صبر جمیل کے لیے دعاگو ہیں۔