وحدت نیوز(نجف اشرف) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل و سیکریٹری اُمور خارجہ علامہ سید شفقت حسین شیرازی نے مجلس وحدت مسلمین نجف اشرف کے وفد کے ہمراہ شہید باقرالصدر کی جماعت حزب الدعوہ الاسلامیہ کے سیکرٹری جنرل علامہ شیخ علی مرزا سے اُن کے دفتر میں ملاقات کی۔ مجلس وحدت مسلمین کے وفد میں نجف اشرف کے سیکرٹری جنرل علامہ سید مہدی نجفی کے علاوہ نجف اشرف میں اراکین رابطہ کمیٹی سید علی نقی شیرازی، شیخ ناصر عباس نجفی، سید عمران کاظمی، محمد سجاول نجفی شامل تھے۔ شیخ علی مرزا نے مجلس وحدت مسلمین کے وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے نجف اشرف میں مجلس وحدت مسلمین کی فعالیت کو سراہتے ہوئے کہا کہ نجف اشرف میں مقیم پاکستانی طلبا انتہائی ذہین اور متحرک ہیں۔ اس موقع پر شیخ علی مرزا کا کہنا تھا کہ نجف اشرف میں مجلس وحدت مسلمین کے مسئول علامہ سید مہدی نجفی انتہائی فعال ہیں۔ اُنہوں نے اس موقع پر علامہ شفقت شیرازی کو یقین دلاتے ہوئے کہا کہ ہم ہر میدان میں مجلس وحدت مسلمین کے شانہ بشانہ ہیں۔ جس مشن کا آغاز مجلس وحدت مسلمین نے کیا ہے ہم اُسکی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔ مجلس وحدت مسلمین نے شہید علامہ عارف حسین الحسینی کے مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے پاکستان میں بہت جلد کامیابی حاصل کی ہے۔ آخر میں ایم ڈبلیو ایم نجف اشرف کے سربراہ علامہ سید مہدی نجفی نے علامہ شیخ علی مرزا کو دفتر نجف اشرف کی کارکردگی رپورٹ پیش کی، جسے حزب الدعوہ الاسلامیہ کے مرکزی رہنما نے سراہا۔