وحدت نیوز(کراچی ) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کراچی ڈویژن کا دو روزہ امید مستضعفین جہان کنونشن نیو رضویہ سوسائٹی میں منعقد کیا گیا جس کی مختلف نشستو ں سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل و ترجمان علامہ حسن ظفر نقوی ، علامہ عقیل موسی ، ڈاکٹر زاہد علی زاہدی اور ڈاکٹر باقر شیم نقوی نے خطاب کیا ، بعد ازاں مجلس عمومی کے اراکین نے کثرت رائے سے برادر آل علی کو نیا میر کاروان منتخب کر لیا ۔
کنونشن سے خطاب میں علامہ سید حسن ظفر نقوی کا کہنا تھا کہ آج صیہونیت پوری دنیا میں اپنا جال بچھا رہی ہے جس کا نشانہ امت محمدیہ ﷺ ہے،اس سے بچنے کا واحد حل امتِ مسلمہ کی یکجہتی ہے اگر آج امت مسلمہ صیہونیت کے خلاف اٹھ کھڑی ہوتی ہے تو پھر وہ دن دور نہیں کے اس دنیا پر امتِ محمدیہ ﷺ کی حکومت ہوگی، سامراج آج پاکستان ، عراق ، شا م ، بحرین اور مصر میں امت مسلمہ میں انتشار و فساد برپا کر نے کی کوشش کر رہا ہے ، ان کا کہنا تھا کہ جوان کسی بھی ملت کا سرمایہ ہوتے ہیں، ملت تشیع کی خوش بختی یہ ہے کہ اس کے جوان ہمیشہ دینی جذبے کے ساتھ میدان عمل میں حاضر رہے ہیں اور اپنے رہبر امام سید علی خامنہ ای کی اطاعت میں ترقی کی منزلیں طے کررہے ہیں۔