وحدت نیوز(قم المقدسہ) جامعہ روحانیت بلتستان کے ایک وفد نے صدر جامعہ روحانیت حجت الاسلام والمسلمین محمد علی ممتاز کی قیادت میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری سےوحدت ہاوس قم میں ملاقات کی۔ اس ملاقات میں پاکستان کی موجودہ صورت حال اور بالخصوص گلگت بلتستان کے آئنده انتخابات کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ جامعہ روحانیت بلتستان کے جنرل سیکرٹری حجت الاسلام والمسلمین مشتاق حسین حکیمی نے گلگت بلتستان میں ہونے والے عام انتخابات کے بارے میں جامعہ روحانیت بلتستان کا موقف بیان کیا اور آئنده الیکشن کے حوالے سے اتحاد و اتفاق کی ضرورت پر زور دیا۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ ملک کی تعمیر اور ترقی کے لئے سب کو ملکر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ آخر میں مجلس وحدت مسلمین شعبہ قم کے سیکرٹری جنرل حجت الاسلام والمسلمین غلام محمد فخرالدین نے جامعہ روحانیت کے وفد کا شکریہ ادا کیا۔