وحدت نیوز(لاہور) منصورہ لاہور میں جماعت اسلامی کے زیراہتمام حرمت رسول آل پارٹیز کانفرنس میں ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید ناصر عباس شیرازی نے وفد کے ہمراہ شرکت کی۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سید ناصر عباس شیرازی کا کہنا تھا کہ مغرب دوہرے معیار کا چہرہ پیش کر رہا ہے، جمہوریت کی بات کرتا ہے مگر آمریت کی سرپرستی بھی کر رہا ہے اور عالم اسلام کے خلاف ایک جنگ مسلط کئے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کی تیزی سے بڑھتی ہوئی مقبولیت سے مغرب بہت زیادہ خوف زدہ ہے، کیونکہ آج اسلام مغرب کی تہذیبی، روحانی، معنوی ضروریات کو پورا کر رہا ہے، اس لئے مغربی عوام اسلام کی طرف مائل ہو رہے ہیں، اس مقبولیت کو روکنے کی ناکام کوشش میں مغرب نے مصنوعی جنگ چھیڑ رکھی ہے، جس کی آڑ میں وہ اسلام کو بدنام کر کے ایک خونیں مذہب کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کر رہا ہے، تاکہ لوگ اس کی طرف مائل نہ ہوں۔
انہوں نے کہا کہ گستاخانہ خاکوں کی اشاعت بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے، جس کے ذریعے وہ مسلمانوں کو مشتعل کرکے مغربی اقوام سے لڑانا چاہتا ہے، تاکہ مغربی عوام خوف زدہ ہو کر اسلام سے دور ہوجائیں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ہم نے کراچی میں ناموس رسالت ﷺ پر شہید صادق رضا تقوی دیا، ہم مکمل طور پر تیار ہیں، توہین رسالت کا دفاع کرنے کے لئے، اسلام کے خوبصورت چہرے کو مسخ کیا جا رہا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کیا یہ توہین رسالت نہیں کہ مساجد اور خانقاہوں پر حملے ہو رہے ہیں، اب ہم کو طاقتور ملت بننا ہوگا اور یہ صرف اس وقت ممکن ہے جب ہم متحد ہوجائیں گے، جب تک ہم متحد نہیں ہوں گے، تب تک دشمنان اسلام سے مار کھاتے رہیں گے۔